اٹھاری ہزاری بند توڑنے کے باوجود شدید سیلابی ریلا برقرار

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:36

اٹھاری ہزاری بند توڑنے کے باوجود شدید سیلابی ریلا برقرار

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر 2014ء)ضلع جھنگ ميں اٹھارہ ہزاری اور ديگر بند توڑنے کے باوجود بھی تريموں ہيڈ ورکس پر دريائے چناب کے پانی کا شديد دباؤ ہے، پچھلے 12 گھنٹوں ميں پانی کے بہاؤ ميں صرف 8 ہزار کيوسک کی ہی کمی آسکی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈويژن کے مطابق دريائے چناب ميں تريموں ہيڈ ورکس پر اب بھی اونچے درجے کا سيلاب ہے، بند توڑنے سے پانی کا بہاؤ 6 لاکھ کيوسک سے کم ہوکر 5 لاکھ 92 ہزار کيوسک کی سطح پر آگيا ہے ليکن ہيڈ ورکس پر پانی کا دباؤ اب بھی شديد ہے۔

(جاری ہے)

چناب میں 75 برس قبل تعمير کئے گئے ہيڈ ورکس کے ذريعے پونے 7 لاکھ کيوسک پانی گزارنے کی گنجائش ہے، محکمہ موسميات کے مطابق تريموں پر پانی کا بہاؤ موجودہ سطح پر اگلے 24 گھنٹے برقرار رہ سکتا ہے، جس کے بعد اس ميں واضح کمی آنے کی توقع ہے۔

تريموں کے بعد دريائے چناب کے پانی کا رخ پنجند کی طرف ہے، يہاں بھی پانی کی آمد ايک لاکھ 31 ہزار 500 کيوسک تک پہنچ گئی ہے اور اس ميں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
دريائے راوی کی صورتحال کا جائزہ ليا جائے تو يہاں سے گزرنے والا سيلابی ريلا اپنے اختتام کے قریب ہے، دريائے چناب ميں گرنے سے پہلے روای ميں سدھنائی کے مقام پر اب صرف نچلے درجے کی طغيانی ہے۔