Live Updates

تحریک انصاف کا کارکنان و قائدین کی رہائی تک مذاکرات نہ کرنے کا اعلان

ہفتہ 13 ستمبر 2014 17:54

تحریک انصاف کا کارکنان و قائدین کی رہائی تک مذاکرات نہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے کارکنان کی گرفتاری پر حکومت سے مذاکرات معطل کردیئے ہیں اور واضح کیاکہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماءجہانگیر ترین کاکہناتھاکہ پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے ،پی ٹی وی پر حملے میں کوئی بھی کارکن ملوث نہیں ، اگر کوئی ملوث ہواتواُس کیخلاف کارروائی کریں گے ، تحریک انصاف کے500سے زائد کارکنان کو حراست میں لیاگیاہے اور بدترین تشددکیاگیا ، کارکنان اور قیادت کی رہائی تک مذاکرات نہیں کریں گے ۔

جہانگیر ترین کاکہناتھاکہ وہ تمام افسران پر واضح کرناچاہتے ہیں کہ انصاف کے حصول کیلئے ہر سطح پر جائیں گے اور ایسی دہشتگردانہ کارروائیوں سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اِنہی اقدامات کی وجہ سے حکومت سے نفرت میں اضافہ ہوتاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

اُن کاکہناتھاکہ حکومت دھاندلی کو بچانے کے لیے ہر قسم کی کوشش کررہی ہے اور وہ اُسے سامنے لانے کے لیے ڈٹے ہیں ، اعظم سواتی کو بھی گرفتارکیاگیااورکارکنان کو ایسی گاڑیوں میں ڈالاگیاجن میں 20لوگوں کی گنجائش تھی لیکن 80لوگ ٹھونسے گئے ، شرم کرنی چاہیے کہ وہ لوگ بھی پاکستانی ہیں اور پاکستان کی پولیس ہے ۔


اُنہوں نے اعلان کیاکہ ایسے ماحول میں حکومت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے اوراِس سلسلے میں باقاعدہ طورپرسیاسی جرگے کو بھی آگاہ کردیاہے جس کی سیاسی جرگہ کے رکن رحمان ملک نے بھی تائید کی ہے ۔ اُنہوں نے بتایاکہ تاحال تحریک انصاف کی درخواست پر حکومتی ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج نہیں ہواجس پر اسدعمر پیر کو اپنے وکلاءکے ہمراہ 22اے کے تحت سیشن جج سے رجوع کریں گے ۔


دوسری طرف شاہ محمود قریشی نے کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ عدم رہائی پر تحریک پورے ملک میں پھیلائی جائے گی ، پرامن لوگ تھے ، حکومت بتائے ایک مہینے بعد جڑواں شہروں میں دفعہ 144نافذ کرنے کا کیاجواز تھا۔اُنہوںنے کہاکہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اُترآئی ہے ، ایسے اقدامات سے کچھ حاصل نہیں ہوسکتا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات