جب تک کارکنوں کو رہا نہیں کیا جائے گا حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے،ڈاکٹر طاہر القادری،پنجاب کو سیل کردیا گیا ہے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے‘ فی الفور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ روک کر PAT ‘ PTI اور مجلس وحدت کے کارکنوں کو رہا کیا جائے‘ اگر حکومت نے کریک ڈاؤن کی کوشش کی تو 24 گھنٹے نواز شریف کی حکومت نہیں رہے گی‘ ۔ کارکنان صبر و استقامت کے ساتھ جمے رہیں عنقریب انہیں فتح نصیب ہوگی ، شاہراہ دستور پر میڈیا کے ساتھ مختصر گفتگو

ہفتہ 13 ستمبر 2014 19:42

جب تک کارکنوں کو رہا نہیں کیا جائے گا حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے،ڈاکٹر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) پاکستان کی عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ جب تک کارکنوں کو رہا نہیں کیا جائے گا حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے‘ پنجاب کو سیل کردیا گیا ہے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے‘ فی الفور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ روک کر PAT ‘ PTI اور مجلس وحدت کے کارکنوں کو رہا کیا جائے‘ اگر حکومت نے کریک ڈاؤن کی کوشش کی تو 24 گھنٹے نواز شریف کی حکومت نہیں رہے گی‘ کھانا پکانے والے لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کارکنان صبر و استقامت کے ساتھ جمے رہیں عنقریب انہیں فتح نصیب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس شاہراہ دستور پر میڈیا کے ساتھ مختصراً گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا انہوں نے کہا کہ پر امن لوگوں کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ‘ مجلس وحدت المسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں کو بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے کارکنان کو رہا نہیں کیا جائے گا اس وقت تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے وسعت قلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزاکرات شروع کئے مگر حکومت دوغلی پالیسی اپنا رہی ہے ایک جانب مذاکرات کئے گئے ہیں اور دوسری طرف ہمارے پر امن لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پنجاب پولیس کے ذریعے پورے صوبے کو سیل کردیا ہے اس وقت پنجاب میں بھی ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی جگہ کو سیل کردیاگیا ہے اور کھانے پکانے والے لوگوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اگر حکومت نے اس طرح کی کوئی کارروائی کی تو پھر چوبیس گھنٹے بھی میاں نواز شریف کی حکومت نہیں رہے گی انہوں نے اس موقع پر کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان صبر و استقامت کا پہاڑ ہیں اپنی جگہوں پر جمے رہیں عنقریب ان کی محنت رنگ لائے گی اور ان کو کامیابی ملے گی اب انقلاب کی منزل بہت قریب ہے اور ظالموں کے اقتدار کا خاتمہ ہونے والا ہے۔