قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 کپتان کا اعلان کل ہوگا ،شاہد آفریدی فیورٹ

پیر 15 ستمبر 2014 12:39

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 کپتان کا اعلان  کل ہوگا ،شاہد آفریدی فیورٹ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا اعلان کل منگل کو کیا جائیگا۔ وسیع تجربے کے پیش نظر شاہد آفریدی فیورٹ بن گئے ہیں۔ نوجوان کرکٹرز فواد عالم اور صہیب مقصود بھی قیادت کی دوڑ میں شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی کے بعد محمد حفیظ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہوگئے تھے پاکستان کو پانچ اکتوبر کو یواے ای میں آسٹریلیا کیخلاف مختصر طرز کا ایک میچ کھیلنا ہے۔

یواے ای ہی میں نیوزی لینڈ کیخلاف چار اور پانچ دسمبر کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔چیئرمین شہریار خان کے مطابق نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان کا اعلان منگل کو کیا جائیگا۔بیس بیس اوورز کی قومی ٹیم کا اعلان سترہ ستمبر سے شروع ہونیوالے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سری لنکا میں خراب پرفارمنس کے باعث عمراکمل اور متنازعہ بیان پر احمد شہزاد قیادت کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ون ڈے کرکٹ میں تسلسل سے عمدہ کارکردگی وجہ سے نوجوان فواد عالم اور اعلیٰ تعلیم یافتہ صہیب مقصود کپتانی کے امیدوارں میں شامل ہیں۔ ورلڈکپ کے پیش نظر شاہد آفریدی قیادت کے لئے فیورٹ بن گئے ہیں۔ بوم بوم آفریدی کو کپتان مقرر کرنے کی صورت میں انہیں مستقبل کیلئے کپتان گروم کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی جائے گی۔کپتان کی تقرری کیلئے چیف سلیکٹر معین خان اور ہیڈ کوچ وقار یونس کی رائے بھی اہم ہوگی۔

متعلقہ عنوان :