پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی 40ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

پیر 15 ستمبر 2014 13:00

پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی 40ویں برسی پرسوں منائی ..

لاہور ( ارد پوائنٹ تازہ ترین اخبار 15 ستمبر 2014) نا مور کلاسیکل و غزل گائیک اور پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی 40ویں برسی کل ( بدھ ) 17ستمبر کومنائی جائیگی ۔وہ 1922ء میں بھارت کے صوبہ پنجاب کے علاقہ شام چوراسی ہوشیار پور میں پیدا ہوئے ۔استاد امانت علی خان کا خاندان تقسیم ہند کے بعد پاکستان آگیا ۔ انہوں نے لاہور میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا ۔

اپنی شاندار خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز کرنے والے استاد امانت علی خان جنہوں نے گائیکی کی تربیت اپنے والد سے حاصل کی ۔ انہوں نے ملی نغموں ، غزلوں اور کلاسیکل گیتو ں میں شہرت کی بلندیوں اور مقبولیت کی اعلیٰ منزلوں کو چھوا۔ انکے بہت سے نغمے او ر گیت جن میں اے وطن پیارے وطن، انشاء جی اٹھو، اے میرے پیارکی خوشبو، یہ آرزو تھی، موسم بدلا، یہ نہ تھی ہماری قسمت ،کب آؤ گے ، ہونٹوں پہ کبھی ان کے اب بھی زبان زد عام ہیں ۔

(جاری ہے)

استاد امانت علی خان کی اپنے بھائی استاد فتح علی خان کے ساتھ جوڑی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے ۔ استاد امانت علی خان 17ستمبر 1974ء کو 52سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔لیجنڈ گلوکار کی برسی کے موقع پر پرنٹ میڈیا خصوصی مضامین کی اشاعت کرے گا جبکہ الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائینگے ۔