دباؤ محسوس نہیں کر رہا،فارم میں لوٹنے کی کوشش کرونگا،مصباح

پیر 15 ستمبر 2014 17:05

دباؤ محسوس نہیں کر رہا،فارم میں لوٹنے کی کوشش کرونگا،مصباح

لاہور((اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15 ستمبر2014)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد پاکستانی ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کو نہیں ملی جو سری لنکا میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کی بنیادی وجہ تھی۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اس عرصے میں کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ بھی نہیں ملی کیونکہ سیزن ختم ہوچکا تھا۔

مصباح الحق نے کہاکہ بیٹسمینوں نے اپنے طور پر بہت کوشش کی لیکن چونکہ کافی وقت سے نہ کھیلنے کی وجہ سے وہ ردھم میں نہیں تھے لہٰذا انھیں تگ ودو کرنی پڑی۔اپنی بیٹنگ کے بارے میں مصباح الحق نے تسلیم کیا کہ ٹیم کی ناکامی کا ایک بڑا سبب ان کا فارم میں نہ ہونا تھا۔ انھیں احساس ہے کہ وہ اپنا حصہ ادا نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

جب آپسینئر بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلتے ہیں تو آپ کا حصہ نمایاں ہوتا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ وہ خود پر کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہے ہیں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہمیشہ دباو ہوتا ہے اور اگر آپ اسے اپنے دماغ پر سوار کر لیتے ہیں تو پھر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتے۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ جلد سے جلد اپنی کھوئی ہوئی فارم میں واپس آنے کی کوشش کریں گے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ کپتان کی حیثیت سے وہ ٹیم سلیکشن میں اپنی رائے ضرور دیتے ہیں لیکن حتمی ٹیم سلیکشن کمیٹی منتخب کرتی ہے۔