پاکستان کا سرحد پار سے دہشت گرد حملے پر افغانستان سے شدید احتجاج،افغانستان دوبارہ اس قسم کے حملوں کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے، دفتر خارجہ

بدھ 17 ستمبر 2014 22:20

پاکستان کا سرحد پار سے دہشت گرد حملے پر افغانستان سے شدید احتجاج،افغانستان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر 2014ء ) پاکستان نے سرحد پار سے دہشت گرد حملے پر افغانستان سے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوبارہ اس قسم کے حملوں کے تدارک اور شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدپار قائم محفوظ ٹھکانوں سے گزشتہ روز 90 سے 100 کے درمیان دہشت گرد پاکستانی سرزمین میں داخل ہوئے۔

(جاری ہے)

پاک افواج کی جانب سے حملے کو کامیابی سے پسپا کردیا گیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک اور باقی افغانستان واپس فرارہوگئے جوابی کارروائی میں چار پاکستانی فوجی بھی شہید ہوئے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان حکومت سے اس حملے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے اور افغانستان سے ایک بار پھر اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے پیش نظر پاکستانی حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ سرحد پار سے دوبارہ اس قسم کے حملوں کے تدارک اور شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔