پنجاب کے بعد سیلابی ریلا سندھ میں داخل ،گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں اضافہ

جمعرات 18 ستمبر 2014 11:30

پنجاب کے بعد سیلابی ریلا سندھ میں داخل ،گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلا اب سندھ میں زور دکھا رہا ہے ۔ گڈو بیراج پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے ۔ گھوٹکی اور پنو عاقل میں کچے کے درجنوں دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح بتدریج کم ہو نے لگی تاہم جنوبی پنجاب کا بڑا علاقہ اب بھی سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے ۔

سیلاب کی بے رحم موجیں پنجاب میں گھروں ،بستیوں اور دیہات کو اجاڑ کر اب سندھ میں داخل ہو گئی ہیں ۔ دریائے سندھ بپھرا ہوا ہے، بڑا ریلا جیسے جیسے آگے بڑھ رہا ہے گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ گھوٹکی اور پنو عاقل میں کچے کے درجنوں دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ مکان گر گئے ، مکین جان بچا کر علاقہ چھوڑ رہے ہیں ، پانی کی لپیٹ میں آئے علاقوں کا زمینی رابطہ کٹ کر رہ گیا ہے ، سیلابی ریلا کشمور میں کچے کے علاقے کو بھی متاثر کر رہا ہے ، خیر پور اور نوشہرو فیروز میں بھی پانی کئی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے ، سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ اٹھہتر ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے ، بیراج کے قریب سیکڑوں دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے ، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع نہیں ہوسکیں ، ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے ، لیکن جنوبی پنجاب کا بڑا علاقہ ڈوبا ہوا ہے ، رحیم یار خان ، راجن پور ، خان گڑھ ، شجاع آباد ، اور شہر سلطان کے متاثرہ علاقوں میں بھی صورتحال جوں کی توں ہے ۔

(جاری ہے)

پانی نے مزید کئی دیہات کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ ٹھٹھہ سیال ، مراد آباد اور بھٹہ پور سمیت مظفر گڑھ کے درجنوں علاقے بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ اوچ شریف میں نور والا زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی بیس سے زیادہ آبادیوں میں داخل ہوگیا ۔

متعلقہ عنوان :