Live Updates

تحریک انصاف کے بعد عوامی تحریک نے بھی مقامی کارکنوں کو گھروں جانے کی اجازت دیدی

جمعہ 19 ستمبر 2014 12:38

تحریک انصاف کے بعد عوامی تحریک نے بھی مقامی کارکنوں کو گھروں جانے کی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے بعد عوامی تحریک نے بھی مقامی کارکنوں کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن ہفتہ اور اتوار کی رات دھرنے کے شرکاء کے ساتھ گزاریں نجی ٹی وی کے مطابق پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے بتایا کہ ”راولپنڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زیادہ پی اے ٹی کے مرد و خواتین کارکنان نے اطمینان کا سانس لیا ہے وہ اپنی معمول کی زندگی میں لوٹنا چاہتے تھے۔

“انہوں نے کہا کہ یہ دن بہ دن چھٹتا ہوا اجتماع پارٹی کی صفوں میں بے چینی پیدا کررہا تھا۔ اس لیے کہ لوگ مقامی قیادت کا مطلع کیے بغیر واپس جارہے تھے، لہٰذا پارٹی نے شرمندہ کرنے والی کسی صورتحال کے اْبھرنے سے بچنے کے لیے سہولت کے اوقات میں حاضری کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

“دھرنے کے شرکاء کی گھر سے دوری پر افسردگی اور ان کو تین وقت کی خوراک مہیّا کرنے کیلئے فنڈز کی قلت دو ایسے مسائل تھے جن کا سامنا پی اے ٹی کی قیادت کو کرنا پڑ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ”پندرہ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم 13 ستمبر تک کھانے اور ٹرانسپورٹ پر خرچ کردی گئی تھی۔“پی اے ٹی کے رہنما نے بتایا کہ دھرنے کے شرکاء کی حاضری کی جانچ کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔انہوں نے بتایاکہ ”ہر رات کو ایریا انچارج پارٹی کی دوسری صف کی قیادت کو ایس ایم ایس کرتے ہیں کہ دھرنے میں لوگوں کی کتنی تعداد موجود تھی۔

“حاضری کے اوقات میں نرمی کردی گئی ہے، وہ پیٹ بھر کر احتجاج میں شرکت کے لیے آسکتے ہیں۔پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ”اس طرح وہ اپنے گھروں کی دیکھ بھال بھی کرسکیں گے، اور ملازمتوں پر بھی جاسکیں گے جن کے متعلق وہ خدشات محسوس کررہے تھے۔ انہیں توقع نہیں تھی کہ یہ دھرنا دو ہفتوں سے زیادہ چلے گا۔“راولپنڈی میں پی اے ٹی کے ترجمان سہیل عباسی نے تصدیق کی کہ پی اے ٹی کی قیادت نے کارکنوں کو کچھ شرائط کے ساتھ گھر جانے کی اجازت دے دی ہے، اب وہ شام پانچ سے نو بجے رات تک پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے دھرنے میں شرکت کریں گے اور ویک اینڈ کی راتیں یہیں گزاریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ”ٹیمیں ان کی موجودگی کی نگرانی صرف ان کے کھانے کا انتظام کرنے کے لیے کرتی ہیں ہم ان کی گنتی اس لیے کرتے ہیں کہ ان کی تعداد کے حساب سے ان کے کھانے کی تیاری کرسکیں ان کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے نہیں۔“پی اے ٹی کے ترجمان سہیل عباسی نے کہا کہ پی اے ٹی نے ضلع راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر کارکنوں کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا ہے، تاکہ شام کے وقت ان کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :