خوشی ہے کہ برطانوی وفاق قائم رہا، ڈیوڈ کیمرون

جمعہ 19 ستمبر 2014 15:56

خوشی ہے کہ برطانوی وفاق قائم رہا، ڈیوڈ کیمرون

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء)برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہاہے کہ اسکاٹ لینڈ کے عوام کی جانب سے برطانیہ سے علیحدگی کے فیصلے کو مسترد کرنے پر خوشی ہے اس فیصلے سے برطانیہ مزید مستحکم ہوگا۔ اسکاٹ لینڈ کے برطانیہ کے ساتھ رہنے سے متعلق ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا برطانوی عوام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سب کو مل کربرطانیہ کی ترقی کے سفر میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ برطانوی وفاق قائم رہا، متحد ہوکرترقی کے سفرکو آگے بڑھاسکتے ہیں، اسکاٹ لینڈ کی عوام نے برطانیہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے عوام کے فیصلے سے برطانوی وفاق قائم رہا جب کہ اسکاٹش عوام کے اس فیصلے سے برطانیہ مزید مستحکم ہوگا، ملک کی بہتری اسی میں ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاہتے تو ریفرنڈم روک سکتے تھے لیکن ہم نے اسکاٹ لینڈ کی عوام کی خواہشات کے مطابق وہاں ریفرنڈم کرایا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکاٹ لیں ڈ کے عوام کو یقین دلایا کہ اسکاٹ لینڈ کے لیے مزید اختیارات کا نیا مسودہ جنوری تک شائع ہوجائیگا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ سے علیحدگی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں اسکاٹ لینڈ کے عوام کی اکثریت نے علیحدگی مخالفت کردی، ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق 55 فیصد عوام نے اسکاٹ لینڈ کی مخالفت میں جب کہ 45 فیصد نے تاج برطانیہ سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا۔