چینی ہیکرز کی کارروائیوں نے امریکا کو پریشان کر دیا

جمعہ 19 ستمبر 2014 16:01

چینی ہیکرز کی کارروائیوں نے امریکا کو پریشان کر دیا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) چینی حکومت سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے امریکی فضائی کمپنیوں ، ٹیکنالوجی اداروں اور عسکری شعبے کے ساتھ کام کرنے والے کنٹریکٹرز کے کمپیوٹر سسٹمز تک مبینہ طور پر رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز نے امریکی سینیٹ کے ایک پینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ متعلقہ حکام نے ان سائبر حملوں کا پتہ چلایا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج کی ٹرانسپورٹیشن کمانڈ اور ٹرانسکوم نے ایک برس کے اندر ہی کیے جانے والے ایسے دو سائبر حملوں کا پتہ چلایا ہے جبکہ اس دوران مجموعی طور پر پچاس مرتبہ کمپیوٹر ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بیس مرتبہ یہ ہیکرز اپنی کوششوں میں کامیاب بھی ہوئے۔ امریکی حکام کے مطابق ان حملوں کے بارے میں طویل عرصے سے تحقیقات جاری تھیں اور رواں برس مارچ میں اس حوالے سے ٹھوس شواہد ملے تھے تاہم بدھ کے دن اس بارے میں عوامی سطح پر بیان جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس تحقیقاتی عمل کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایسے حملوں کو ناکام بنانے لیے امریکی حکومتی اداروں میں رابطہ کاری میں بھی فقدان رہا ہے۔ اس تحقیقاتی رپورٹ کا اجراء کرتے ہوئے اس پینل کے چیئر مین ڈیموکریٹ سینٹر کارل لیون نے کہا کہ امریکی دفاعی شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے کمپیوٹر سسٹمز کو ہیک کرنے کی یہ مثالیں ، چینی سائبر جارحیت کے مزید ثبوت ہیں۔ واشنگٹن میں چینی سفارتخانے کی طرف سے ابھی تک ان الزامات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مئی میں امریکی حکام نے پانچ چینی فوجی اہلکاروں پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے امریکی جوہری میٹل اور سولر کمپنیوں کے کمپیوٹر سسٹمز کو ہیک کرنے کی کوشش کرتے ہوئے خفیہ راز چرانے کی کوشش کی تھی۔

متعلقہ عنوان :