سعودی دوشیزہ کو آن لائن دولہا تلاش کرنا مہنگا پڑ گیا

جمعہ 19 ستمبر 2014 16:45

سعودی دوشیزہ کو آن لائن دولہا تلاش کرنا مہنگا پڑ گیا

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر 2014ء)سعودی عرب میں محکمہ امر بالمعروف ونہی عن المنکر المعروف مذہبی پولیس نے ایک خاتون اور مرد نو سر باز جوڑے کو حراست میں لیا ہے جن پر ایک غیر شادی شدہ لڑکی کو بلیک میل کر کے اس سے دو لاکھ ریال کی خطیر رقم ہتھیانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ریاض میں مذہبی پولیس کے ترجمان الشیخ محمد الزبیدی نے واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ حراست میں لئے گئے جوڑے سے ایک دوشیزہ کو بلیک میل کرنے اور اس سے بھاری رقم ہتھیانے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک لڑکی نے انٹرنیٹ پر اپنے شریک حیات کی تلاش کے لیے تصاویر پوسٹ کر رکھی تھیں۔حراست میں لیے گئے مرد اور خاتون نے وہ تصاویر اتاریں اور اس لڑکی سے رابطہ کرکے اسے بلیک میل کرنے لگے۔

(جاری ہے)

نو سر باز لڑکی کو اس کی تصاویر کی آڑ میں اسے دھمکیاں دیتے اور اس سے رقم کا مطالبہ کرتے رہے۔ انہوں نے متاثرہ لڑکی سے دو لاکھ ریال کی رقم ہتھیا لی تھی اور مزید اڑھائی لاکھ ریال کے لیے سودے بازی کر رہے تھے۔

اس دوران لڑکی نے متعلقہ پولیس حکام کو سارے واقعے سے اگاہ کر دیا۔ پولیس نے چھان بین کے بعد دونوں جعل سازوں کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں بالخصوص نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو از خود اپنے رشتے سوشل میڈیا کے ذریعے تلاش کرنے سے اجتناب برتنا چاہیے ورنہ وہ بھی ایسے ہی نو سر بازوں کے ہتھے چڑھ کر کسی نئی مصیبت میں پھنس سکتے ہیں۔