معاشی انقلاب دروازے پر دستک دے رہاہے ، خود کو تیار کرنا ہوگا ،صدر ممنون حسین ،توانائی بحران کے حل کیلئے عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے تعاون سے کئی منصوبے شروع کئے ہیں،تین سے چار سال میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کے راست پر گامزن کر دیں گے،مضبوط جمہوریت ہی قومی ترقی کی واحد ضمانت ہے ، راولپنڈی چیمبر کے 27ویں اچیومنٹ ایوارڈز2014ء کی تقریب سے خطاب

جمعہ 19 ستمبر 2014 22:44

معاشی انقلاب دروازے پر دستک دے رہاہے ، خود کو تیار کرنا ہوگا ،صدر ممنون ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کی وجہ ترجیحات کے تعین کی کمی ہے، حکومت نے موجودہ بحران میں مذاکرات کا راستہ اختیار کیا اور یہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے ، کاروباری برادری ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ،معاشی انقلاب دروازے پر دستک دے رہاہے جس کے لئے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا، توانائی بحران کے حل کیلئے عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے تعاون سے کئی منصوبے شروع کئے ہیں اور انشاء اللہ تین سے چار سال میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کے راست پر گامزن کر دیں گے،معاشی استحکام غیر ملکی سر مایہ کاری کے بغیر ممکن نہیں اور اس کیلئے امن و امان ضروری ہے گزشتہ کئی برسوں سے سازش کے تحت ملک کا امن تباہ کیا گیا اب حکومت اور فوج امن و امان کیلئے جو کردار ادا کر رہی ہیں اُنکی کامیابی کیلئے پوری قوم کو انکی پشت پر کھڑا ہونا چاہئے ،اقتصادی ترقی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام، معیشت کا استحکام، تعلیم کا فروغ صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی، آبادی پر کنٹرول اور بد عنوانی کا خاتمہ ہماری ترجیحات ہونی چاہیئں ،مضبوط جمہوریت ہی قومی ترقی کی واحد ضمانت ہے ،ہمیں سوچنا چاہیئے کہ مقاصد کے حصول کیلئے کون سے لوگ اہم ہیں ہر شخص میں اقتصادی ترقی کے میدان میں ملک کو آگے لے جانے کی صلاحیت نہیں ہوتی ،راولپنڈی چیمبر کی یک ملکی نمائشیں معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جس پر چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہیں ،چیمبر کو چاہئے کہ تجارت کے لئے افریقی ممالک کا بھی رخ کرے تا کہ نئی منڈیوں کی تلاش کو جاری رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 27ویں اچیومنٹ ایوارڈز2014ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے صدرڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں اور چیمبر کے نو منتخب صدر و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اچیومنٹ ایوارڈز سید اسد حیدر مشہدی نے بھی خطاب کیا۔صدر مملکت نے اعلیٰ کارکردگی پر راولپنڈی چیمبر کی طرف سے 21 اداروں وشخصیات کو اچیومنٹ ایوارڈز بھی دیئے ، صدر مملکت نے کہا کہ راولپنڈی شہر افغانستان، وسطی ایشیائی ریاستوں، کشمیر اور چین کیساتھ ایک اہم تجارتی راہداری کی حیثیت رکھتا ہے جسکی اہمیت گوادر کاشغر ریل اور سڑک تعمیر ہونے کے بعد مزید بڑھ جائیگی انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی صنعتی ترقی کیلئے سپیشل اکنامک اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی تعمیربھی ترجیحی بنیادوں پر شروع کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کے مطالبے پر جڑواں شہروں میں میٹرو بس جیسا میگا منصوبہ شروع کیا جا چکا ہے جو اپنے مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچے گا، راولپنڈی علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور میڈ ان پاکستان کے ذریعے ملک کا نام دنیا کے کونے کونے میں پھیلا رہا ہے ۔

قبل ازیں راولپنڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہااور مہمان خصوصی کو چیمبر کی افادیت اور چیمبر کی کاروباری اور سماجی خدمات کے بارے میں تفصیل سے آگا ہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ خطہ راولپنڈی مستقبل کی تجارتی راہداری ہے اور موجود ہ حکومت کی گوادر سے خنجراب تک ریل اور سڑک کی تعمیر سے راولپنڈی کو مرکزی حیثیت حاصل ہو جائے گی اور چین ، وسطی ایشیائی ریاستوں ،افغانستان وغیرہ کے ساتھ تجارت اسی روٹ سے کیجائے گی اس لئے حکومت راولپنڈی میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی تعمیر کو جلد سے جلد ممکن بنائے ، انہوں نے ٹیکس کلیکشن میں اضافے کے حوالے سے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام کو سہل بنانے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹ ٹیکسیشن کے نظام کو رائج کیا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو اس طرف راغب کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری شعبے کیلئے بنائی جانیوالی پالیسی میں اسٹیک ہولڈرز کواعتماد میں لیکر فیصلے کرے تو اسکے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔تقریب میں 21 شخصیات اور اداروں کو سالانہ بہترین کارکردگی پر ایوارڈز دئیے گئے جن میں بہترین فارن مشن کا ایوارڈ امریکی سفارتخانے کو دیا گیا جو امریکی سفیر رچرڈاولسن نے وصول کیا ،سال کا بہترین ایکسپورٹر کا ایوارڈ کوہ نور ٹیکسٹائل ملز کو دیا گیا جو محمد عاصم بھٹی نے وصول کیا، ٹریڈ اینڈ سروسز میں اعلیٰ کارکردگی پر وائی ٹرائب کو ملا جو سی ای او وسیم احمد نے وصول کیا،بہترین نوجوان انٹر پنیورکا ایوارڈ روٹس انٹرنیشنل سکول کو دیا گیا جو سی ای او ولید مشتاق نے وصول کیا ،بیسٹ بزنس مین آف دی ائیر کا اعزاز ایم آئی اے گروپ کے سی ای او عثمان اشرف کو دیا گیا ،وومن انٹر پنیور آف دی ائیر ایوارڈ پاکستان منرل پراڈکٹس کو ملا جو چیف ایگزیکٹیو آفیسر عظمیٰ سلمان نے وصول کیا ،بہترین انٹرنیشنل آر سی سی آئی پارٹنر کا اعزاز پی ایچ ڈی چیمبر انڈیا کو دیا گیا جو آر ۔

ایس سچدیوا نے وصول کیا ،بہترین انٹرنیشنل ایمرجنگ پارٹنر کا اعزاز یو-کے پاک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ملا جو صدر عبدالمجید شاہین نے وصول کیا اور راولپنڈی چیمبر کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ چیمبر کے سابق صدرشیخ محمد شبیر کو دیا گیا۔