مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں کا بھی ریفرنڈم کا مطالبہ

جمعہ 19 ستمبر 2014 23:13

مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں کا بھی ریفرنڈم کا مطالبہ

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) برطانیہ سے علیحدگی کے معاملے پر اسکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت بھی کشمیر میں ریفرنڈم کا وعدہ پورا کرے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ایک مثال ہے۔ کشمیر کا مسئلہ بھی اسی طرح پْرامن طریقے سے حل ہوسکتا ہے، یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ لوگ پْرامن طریقے سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمر فاروق نے امید ظاہر کی کہ بھارت اپنا رویہ تبدیل اور اس حقیقت کو تسلیم کریگا کہ عوام کا حق جبر و تشدد سے دبایا نہیں جاسکتا۔ حریت کانفرنس کے ایک اور رہنما سید علی شاہ گیلانی نے اسکاٹ لینڈ کے عوام کو رائے دہی کا حق دینے پر برطانیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اب برطانیہ کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے لیے بھی ریفرنڈم کی منظوری دے۔ علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو برطانیہ سے سبق سیکھنا چاہیے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دینے کا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :