ملک میں پولیو کے تازہ ظاہر ہونے والے کیسز کے بعد پولیو کے خلاف مہم کو بھرپور انداز سے سرانجام دینے کی ضرورت ہے‘ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ

ہفتہ 20 ستمبر 2014 13:57

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) ملک میں پولیو کے تازہ ظاہر ہونے والے کیسز کے بعد پولیو کے خلاف مہم کو بھرپور انداز سے سرانجام دینے کی ضرورت ہے‘ محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سکندر علی خشک نے ضلع کونسل ہال سانگھڑ میں پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری اس مہم میں محکمہ صحت‘ پی پی ایچ آئی کے علاوہ محکمہ ریونیو‘ پولیس پاپولیشن‘ تعلیم سمیت دیگر محکمے بھی بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے تمام افسران واہلکاروں کو متنبہ کیا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او سانگھڑ اعجاز عرسانی نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کے 3 لاکھ 72 ہزار 943 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے‘ اس ضمن میں 730 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر عالم آزاد نے بتایا کہ اس سال پاکستان میں پولیو کے 164 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کے ساتھ این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :