ایشین گیمز: پاکستان کی 14-0 سے فتح

ہفتہ 20 ستمبر 2014 17:01

ایشین گیمز: پاکستان کی 14-0 سے فتح

انچیون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) پاکستان نے ایشین گیمز مینز ہاکی میں تین کھلاڑیوں کی ہیٹ ٹرک کی بدولت ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے اپنے سری لنکا کو 14-0 سے ہرا دیا۔ جنوبی کوریا کے انچیون میں جاری 17ویں ایشین گیمز میں ہفتے کو مینز فیلڈ ہاکی مقابلوں کے گروپ بی میں پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ ہوا جو یکطرفہ ثابت ہوا۔

پاکستان نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سری لنکا کو مکمل آؤٹ کلاس کرتے ہوئے میچ میں 14-0 سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے تین کھلاڑیوں نے ہیٹ ٹرک اسکور کی تاہم کپتان عمران احمد سب سے کامیاب کھلاڑی رہے جنہوں نے پینالٹی کارنر پر چار گول اسکور کیے جبکہ عمر بھٹہ اور محمد رضوان سینئر نے تین تین فیلڈ گول اسکور کیے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دو، محمد وقاص اور محمد توثیق نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

ٹورنامنٹ میں اپنے تائٹل کا دفاع کرنے والی پاکستانی ٹیم کل اپنا دوسرا میچ چین کے خلاف کھیلے گی جبکہ 25 ستمبر کو روایتی ہندوستان سے مقابلہ ہو گا۔

گرین شرٹس گروپ میں اپنا آخری میچ 27 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلیں گے۔

اس سے پہلے گروپ اے میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے سنگاپور کو یک طرفہ مقابلے کے بعد دو کے مقابلے میں آٹھ گول سے زیر کیا۔

متعلقہ عنوان :