وزیر اعظم کو پارلیمنٹ میں انقلاب مارچ لایا،انہیں جلد دن میں تارے دکھائیں گے: طاہر القادری

ہفتہ 20 ستمبر 2014 20:15

وزیر اعظم کو پارلیمنٹ میں انقلاب مارچ لایا،انہیں جلد دن میں تارے دکھائیں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر لقادری نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ کی عوام نے جو جدو جہد شروع کی ہے اس سے ملک میں ایک میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، آپ نے صبر و تحمل کی ایک نئی تاریخ لکھ دی ہے، ملک کا وزیر اعظم پارلیمنٹ میں ہی نہیں جاتا تھا، جب انقلاب مارچ شروع ہوا تو اس کو پارلیمنٹ میں جانا پڑا، یہ عوام کا ڈر ہی تھا جس کی وجہ سے وہ پارلیمنٹ میں جا پہنچے۔

حکمرانوں کو جلد دن میں تارے نظر آئیں گے۔ دھرنے کے شرکاءسے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بہت لوگ آئین آئین پکارتے ہیں، کیا ان لوگوں نے کبھی آئین کو پڑھا بھی ہے؟ جس ایوان میں وہ کھڑے ہیں وہاں روزانہ آئیں کی دھجیاں بکھیری جاتی ہیں، یہ کہتے ہیں کہ ہم آئین کے خلاف ہیں لیکن ہم تو آئین کو مانتے ہیں جس میں تمام شہریوں کو برابر ی کے حقوق حاصل ہیں، امن و خوشخالی ہوتی ہے اور اقتدار عوام کی امانت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

عوام اپنے یہی حقوق مانگ رہی ہے اور آج ’گو نواز گو‘ اس قوم کا نعرہ بن چکا ہے، گزشتہ روز سابق وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے بھی ’گو نواز گو ‘ کا نعرہ لگا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، مشرف دور میں بجلی کی قیمت 3روپے فی یونٹ تھی، پیپلز پارٹی کے دور میں 7روپے ہوئی اور آج مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں 15روپے فی یونٹ ہو چکی ہے اور پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ دھرنے والے کیوں یہاں بیٹھے ہیں؟ان کو خبر ہو بھی تو کیسے کیونکہ یہ تو صرف کرپشن کرنے اور پیسہ کمانے میں مشغول ہیں۔

جس دن سے نواز شریف واپس آئے ہیں اس دن سے اپنے خلاف کرپشن کے 143کیسز ختم کروا چکے ہیں، اگر ان کا اقتدار باقی رہا تو ان کے خلاف ایک کیس بھی باقی نہیں بچے گا۔