بھارتی مسلمان محبِ وطن ، وہ اپنی قوم کو دھوکا نہیں دیں گے، نریندرا مودی ،بھارت میں القاعدہ نیٹ ور ک ناکام، شہریوں کو بھرتی کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا ،بھارتی وزیر اعظم کا امریکی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 20 ستمبر 2014 22:07

بھارتی مسلمان محبِ وطن ، وہ اپنی قوم کو دھوکا نہیں دیں گے، نریندرا مودی ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ القاعدہ بھارتی شہریوں کو بھرتی کرنے میں ناکام رہے گا۔ انہوں نے حب الوطنی کے جذبے پر ملک کی مسلمان آبادی کو بھی سراہا ہے۔ امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمان محبِ وطن ہیں اور وہ اپنی قوم کو دھوکا نہیں دیں گے۔

نریندر مودی امریکی صدر باراک اوباما سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں ،انہوں نے کہا: ”بھارتی مسلمان بھارت کے لیے جیئں گے، بھارت کے لیے مریں گے، وہ بھارت کے لیے کبھی برا نہیں چاہیں گے۔ اگر کوئی بھی یہ سوچتا ہے کہ بھارتی مسلمان اس کے اشاروں پر ناچیں گے تو وہ خوابوں کی دنیا میں رہتا ہے۔القاعدہ نیٹ ورک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کشمیر جیسے خطوں میں مسلمانوں کے مصائب کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں نئی دہلی کی حاکمیت کے خلاف شدت پسندی 1990ء کی دہائی سے جاری ہے اور حالات تاحال کشیدہ ہیں۔اسلام پسند گروپوں کے لیے مودی ایک قابلِ نفرت شخصیت رہے ہیں۔ اس کی وجہ بھارتی ریاست گجرات میں 2002ء کے ہندو مسلم فسادات ہیں۔ اس وقت وہ اس ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔ ان فسادات میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے بیشتر مسلمان تھے۔

جب مودی سے پوچھا گیا کہ بھارت کے تھوڑے سے مسلمانوں نے ہی القاعدہ میں شمولیت کیوں اختیار کی تو انہوں نے کہا کہ اسلام پسند کسی ایک ملک یا کسی ایک نسل کے لیے خطرہ نہیں ہیں بلکہ یہ لڑائی ’انسانیت اور ظلم‘ کے درمیان ہے۔نریندر مودی رواں ہفتے امریکی صدر باراک اوباما سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا: ”بیسویں صدی کے آخر سے اکسویں صدی کی پہلی دہائی تک ہم نے ایک بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔ یہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔