Live Updates

راولپنڈی اسلام آباد میں گرفتار کارکنوں کے مقدمات لڑنے کیلئے عمران خان نے سینئر وکلاء کی ٹیم تشکیل دیدی،آخری کارکن کی رہائی تک پی ٹی آئی کے وکلاء چین سے نہیں بیٹھیں گے،نیازاللہ خان نیازی

اتوار 21 ستمبر 2014 13:36

راولپنڈی اسلام آباد میں گرفتار کارکنوں کے مقدمات لڑنے کیلئے عمران ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جڑواں شہروں راولپنڈی‘ اسلام آباد میں گرفتار کئے گئے کارکنوں کی رہائی اور ورکروں کیخلاف اسلام آباد پولیس کی جانب سے درج کئے گئے مقدمات کی پیروی کیلئے پی ٹی آئی کے سینئر وکلاء پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ کورٹس اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمات کی پیروی سینئر وکیل شعیب شاہین‘ ملک قاص‘ ایڈووکیٹ راشد حنیف اور نیازاللہ نیازی پر مشتمل قانونی ٹیم کرے گی۔

قانونی ماہرین کی قیادت سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد نیازاللہ خان نیازی کریں گے۔ اتوار کے روز ”آن لائن“ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد کے سابق صدر اور سینئر راہنماء پاکستان تحریک انصاف نیازاللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف اسلام آباد‘ راولپنڈی پولیس نے غیرقانونی مقدمات درج کئے ہیں اور ان مقدمات کی تعداد سینکڑوں میں پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے پی ٹی آئی کے ہزاروں ورکروں کو خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا جن کے مقدمات ڈسٹرکٹ کورٹس کی عدالتوں میں لے کر گئے۔ سول عدالتوں نے غیرقانونی طور پر قائم کئے گئے پی ٹی آئی کے ہزاروں ورکروں کیخلاف مقدمات ختم کئے اور ایف آئی آرز کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے پی ٹی آئی کے ورکروں کیخلاف دفعہ 188 کے تحت قائم مقدمات کو ختم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اور کارکنوں کی رہائی کے حوالے سے فیصلہ بھی دے دیا ہے۔

نیازاللہ خان نیازی نے مزید بتایا کہ اسلام آباد‘ راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں عدالتوں کے احکامات کے باوجود کارکن گرفتار ہیں اور انہیں رہا نہیں کیا جارہا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے تمام کارکنوں کیخلاف قائم مقدمات کی پیروی کیلئے قانونی ماہرین کی ٹیم تشکیل دے دی ہے جوکہ نیازاللہ نیازی کی سربراہی میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی ٹیم میں ایڈووکیٹ شعیب شاہین‘ ملک وقاص ایڈووکیٹ اور راشد حنیف شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے آخری کارکن کی رہائی تک پی ٹی آئی کے وکلاء چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پی ٹی آئی لائرز موومنٹ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی رہائی کیلئے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرے گی۔ دھرنے کے متعلق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عیدالضحی کے بعد اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے ایک تاریخی اجتماع کرے گی جس سے حکومت کی بنیادیں ہل جائیں گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات