حکومت کا ملازمتوں پر پابندی ختم ، سیلاب متاثرین کے لئے عیدی، بجلی کے اضافی بلوں کی واپسی اور کم از کم تنخواہ پر قانون سازی کا اعلان

پیر 22 ستمبر 2014 18:04

حکومت کا ملازمتوں پر پابندی ختم ، سیلاب متاثرین کے لئے عیدی، بجلی کے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر 2014ء) وفاقی کابینہ نے تمام سرکاری اداروں میں نئی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر کے شفاف طریقے سے بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، عید سے قبل ہی سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25ہزار روپے ادا کئے جائیں گے جبکہ نقصانات کے ازالے کے لئے سروے کرنے اور اس ماہ بجلی کے اضافی بلوں کی آئندہ ماہ ایڈجسٹمنٹ کے علاوہ کم از کم تنخواہ 12,000روپے یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کا بھی اعلان کر دیا گیا۔

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں 4اہم فیصلے کئے گئے ہیں، تمام محکموں میں وزیر اعظم کے حکم کے بعد نئی بھرتیوں پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں تمام محکموں میں خالی آسامیوں پر نئی بھرتیاں کی جائیں گی اور اس دوران میرٹ کو برقرار رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

شفاف ترین بھرتیوں کے حوالے حکومت پنجاب کے مثالی کردار کو مدنظر رکھا جائے گا اور تمام طبقات کو صرف میرٹ کی بنیاد پر برابری کی سطح پر نوکریاں دی جائیں گی، وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی ان بھرتیوں کی براہ راست نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سیلاب متاثرین کو 25ہزار روپے فی خاندان عید سے قبل ادا کئے جائیں گے، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں برابر شریک ہو سکیں، اس میں آدھی رقم صوبائی حکومت جبکہ باقی وفاقی حکومت ادا کرے گی،اس کے علاوہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے سروے کیا جا رہا ہے، اس نقصان کا بھی مکمل ازالہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مہینے بجلی کے بلوں میں اضافی یونٹس کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر وزیر اعظم نے ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھے، آج اس کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن لوگوں کے پچھلے بلوں اور اس بل میں واضح فرق ہو گا، آئندہ مہینے ایڈجسٹمنٹ کر کے ان کو ان کی رقوم واپس کر دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ تمام ملازمین کی کم از کم تنخواہ 12000کرنے کے فیصلے کو قانونی تحفظ دیا جائے گا اور اس ضمن میں ایسا قانون لایا جا رہا ہے کہ جو اس فیصلے کی پابندی نہیں کرے گا اس کی خلاف قانونی کاروائی کی جا سکے گی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے خصوصی مشیر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ کے معاملے پر وزیر اعظم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ یہ برداشت نہیں کی جا سکتی، اس لئے اس کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے بھی اس ضمن میں وزیر اعظم کے فیصلے پر مکمل عمل کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :