حکمرانوں کو خواب میں ”گونواز، شہبازگو“ کے نعرے اور دھرنے دکھائی دیتے ہیں، پرویز الٰہی،شامت اعمال سے ان کی نیند حرام ہو چکیں، ظلم اور دھاندلی کیخلاف احتجاج غیرآئینی نہیں بلکہ انتخابی نتائج بدلنا غیرآئینی و غیرقانونی ہے ،سینئر مرکزی رہنما مسلم لیگ

پیر 22 ستمبر 2014 21:39

حکمرانوں کو خواب میں ”گونواز، شہبازگو“ کے نعرے اور دھرنے دکھائی دیتے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو خواب میں بھی گونواز، گوشہبازگو کے نعرے اور دھرنے دکھائی دیتے ہیں، یہ نعرہ ہر دل کی آواز بن چکا ہے اور اب تو ن لیگ کے رہنما اور کارکن بھی یہ نعرے لگا رہے ہیں۔ وہ گجرات میں اپنی رہائش گاہ پر مرکزی انجمن تاجران کے وفد، سابق بلدیاتی عہدیداروں اور مسلم لیگی رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے جن میں افتخار شاکر، شبیر خان، بوبی پہلوان، امتیاز راٹھور، چودھری نثار آف خوجیانوالی اور چودھری اقبال بھی شامل تھے۔

وہ لیگی کارکنوں کے عزیزواقارب کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے بھی گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے انتخابات میں بدترین دھاندلی کیخلاف آواز اٹھائی اور اب تمام جماعتیں اس دھاندلی کا ذکر کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظلم اور دھاندلی کے خلاف احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے اور یہ غیرآئینی نہیں البتہ انتخابی نتائج بدلنا غیرآئینی، غیرقانونی اور سنگین ترین جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تو حکمرانوں کے قریبی ساتھی بھی ملک میں کرپشن، بدامنی اور نالائقی کا برملا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں، جن حکمرانوں سے عوام مطمئن نہ ہوں اور کہیں نہ کہیں سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہوں وہ کیسے مقبولیت کے دعوے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران دھرنے سے خوفزدہ ہیں، شامت اعمال سے ان کی نیند حرام ہو چکی ہے، کانوں میں مخالفانہ نعرے گونجتے رہتے ہیں اور اگر آنکھ لگ بھی جائے تو خواب میں نعروں اور دھرنوں سے پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور مسلمہ جمہوریت کا کوئی دشمن یا مخالف نہیں، مخالفت اور احتجاج تو دھاندلی زدہ انتخابی نتائج اور اس کے نتیجہ میں بننے والی جعلی اور بے گناہوں کا بیدردی سے قتل عام کرنے والی ظالم حکومت کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ خود ہی جلد از جلد مستعفی ہو جائیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو۔

قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے اپنے دیرینہ ساتھی ملک محمد اسحاق اعوان سابق ناظم کی رہائش گاہ پر ان کی صاحبزادی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔ وہ ندیم مرل اور شکیل مرل کے والد اور محمد افضل مرل کے ماموں کی تعزیت کیلئے بھی گئے اور دعائے مغفرت کی ان کے ہمراہ سابق پارلیمانی سیکرٹری چودھری خالد اصغر گھرال اور دیگر رہنما بھی تھے۔#

متعلقہ عنوان :