Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی سربراہ شاہ محمود قریشی ، چیف وہیپ عارف علوی سمیت 7 اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے آج طلب کرلیا

پیر 22 ستمبر 2014 23:09

سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی سربراہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی سربراہ شاہ محمود قریشی ، چیف وہیپ عارف علوی سمیت 7 اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے آج طلب کرلیا۔ ذرائع نے ”آن لائن “ کو بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے 7 اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے آج قومی اسمبلی سیکرٹریٹ طلب کرلیاہے ۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں استعفے جمع کرانے والے اراکین کو خط کے ذریعے سپیکر قومی اسمبلی نے آج(منگل) طلب کیاہے۔جن اراکین کو طلب کیاگیاہے ان اراکین میں پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی سربراہ شاہ محمود قریشی، چیف وہیپ ڈاکٹر عارف علوی، ڈاکٹر شیریں مہرالنساء مزاری، اسد عمر، علی محمد خان اور منزہ حسن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے دھاندلی کے باعث استعفے پہلے مرحلے میں چیئرمین عمران خان کو جمع کرائے جبکہ بعد ا زاں شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں جاکر استعفے جمع کرائے البتہ مشترکہ اجلاس میں بعد ازاں ایک روز کیلئے شرکت بھی کی اور بغیر تصدیق کئے ایوان سے رخصت بھی ہوگئے تھے جس پر حکومتی و اپوزیشن اراکین نے شدید شور مچاتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ جب وہ استعفے دے چکے ہیں تو پھر کیوں سپیکر انہیں منظور کرنے میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے معزول صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنی نشست سے استعفیٰ پیش کرنے کے بعد قومی اسمبلی میں اقرار بھی کیا تھا اور اب ملتان کے حلقہ این اے 149 میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخاب کے شیڈول بھی جاری کردیاگیاہے۔

(حیدر)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات