ماضی کی اداکارہ نگینہ خانم کی 11ویں برسی کل منائی جائیگی

منگل 23 ستمبر 2014 11:51

ماضی کی اداکارہ نگینہ خانم کی 11ویں برسی کل منائی جائیگی

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) ماضی کی نامور اداکارہ نگینہ خانم کی 11ویں برسی کل بدھ کو منائی جائے گی ۔ اس سلسلے میں ان کے اہلخانہ کی طرف سے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائیگا ۔ نگینہ خانم کا تعلق پشاور سے تھا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بطور گلوکارہ کیا اور مختلف پشتو فلموں کے لئے ایک سو تیس گانے گانے کے علاوہ ایک سو سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔

انہیں بطور اداکارہ ایس ایم یوسف نے اپنی فلم ”اولاد “میں متعارف کرایا ان کے مدمقابل اداکار لہری تھے۔نگینہ خانم نے کئی پشتو فلموں میں بدرمنیر کی والدہ کا کردار ادا کیا اور اس کردار کے لئے وہ پشتو فلموں کا اسی طرح ایک لازمی حصہ سمجھی جاتی تھیں جس طرح پنجابی فلموں میں اداکارہ بہار سمجھی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

بطور اداکارہ نگینہ خانم کی آخری فلم ”مہندی والے ہاتھ “تھی ۔

نگینہ خانم نے گلوکاری اور اداکاری کے علاوہ خود بھی پانچ فلمیں بنائیں۔ ان میں سے ایک فلم ”جینے دو“اردو زبان جبکہ باقی پشتو میں تھیں۔نگینہ خانم نے فلم انڈسٹری میں متعددفلموں میں کردار نبھائے اور انہوں نے کئی اداکاراؤں کو بھی متعارف کرایا ۔نگینہ خانم کو 24ستمبر 2003 ء میں ان کی رہائشگاہ پر قتل کردیا گیا تھا۔ نگینہ خانم کے صاحبزادے نواز خان آج بھی فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے جانے پہچانے اداکار ہیں اور متعدد فلموں، ڈراموں اور ویڈیوز میں کام کر چکے ہیں۔