یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل ملکوں میں دس یورو کا نیا کرنسی نوٹ گردش میں آگیا
منگل 23 ستمبر 2014 13:34
برلن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء)یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل ملکوں میں منگل سے دس یورو کا نیا کرنسی نوٹ گردش کرنا شروع کر دے گا اور جرمنی سمیت یورو زون کی تمام رکن ریاستوں میں صارفین ان نئے نوٹوں کو نقد ادائیگیوں کے لیے استعمال کر سکیں گے۔جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں قائم یورپی مرکزی بینک ECB کے مطابق اس نے مختلف مالیت کے تمام یورو کرنسی نوٹوں کو آہستہ آہستہ بدلنے کا پروگرام بنایا ہے۔
اس عمل کی ابتدا کرتے ہوئے گزشتہ برس تب تک رائج پانچ یورو مالیت کے تمام نوٹ تبدیل کر دیے گئے تھے۔ اب دس یورو کے کرنسی نوٹ تبدیل کیے جا رہے ہیں اور اگلی باری بیس یورو کے نوٹوں کی ہو گی۔یورپی سینٹرل بینک کے مطابق تمام یورو کرنسی نوٹ اس لیے بتدریج تبدیل کیے جا رہے ہیں کہ انہیں جعلسازی کے خلاف زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔(جاری ہے)
یورپی مشترکہ کرنسی صرف یورو زون میں ہی استعمال نہیں ہوتی بلکہ رکن ملکوں میں سے کئی ایک کے زیر انتظام متعدد نوآبادیاتی، حفاظتی اور دیگر اقسام کے انتظامی علاقوں میں بھی یہی کرنسی رائج ہے۔
پانچ یورو سے لے کر پانچ سو یورو تک کے جو کرنسی نوٹ شروع میں متعارف کرائے گئے تھے، ان میں جعلی نوٹ تیار کرنے والے جرائم پیشہ گروپوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کی غرض سے بہت سی ایسی خصوصیات شامل کی گئی تھیں، جن کے باعث جعلی یورو نوٹ تیار کرنا بہت مشکل تھا۔اب نئے کرنسی نوٹوں پر پہلے سے موجود ہولوگرام اور واٹر مارک جیسی خصوصیات کے ساتھ ساتھ کئی اضافی خصوصیات بھی موجود ہیں اور نئے نوٹوں کی نقل تیار کرنا اور بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ماضی میں چھاپے گئے نوٹوں پر اگر اس کرنسی کے جاری کرنے والے ادارے کے طور پر یورپی مرکزی بینک کے نام کا مخفف ECB پانچ زبانوں میں لکھا ہوتا تھا تو اب ان زبانوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ای سی بی کے مطابق منگل سے اپنے اجراء کے بعد دس یورو کے نئے کرنسی نوٹ شروع میں تو اسی مالیت کے پرانے نوٹوں کے ساتھ کئی مہینوں تک گردش میں رہیں گے لیکن پھر رکن ریاستوں کے قومی مرکزی بینکوں کی مدد سے پرانے نوٹوں کی گردش بتدریج روک دی جائے گی۔
مستقبل میں یورو کے جو دیگر کرنسی نوٹ بھی بالترتیب تبدیل کر دیے جائیں گے، وہ بیس، پچاس، سو، دو سو اور پانچ سو یورو کے کرنسی نوٹ ہوں گے۔یورو کرنسی نوٹوں کی تبدیلی اور نئے نوٹوں کا اجراء تمام رکن ملکوں میں انتظامی حوالے سے اس لیے ایک بہت ہی پیچیدہ اور انتہائی مہنگا عمل ہوتا ہے کہ یوں ان تمام آٹومیٹک اور کمپیوٹرائزڈ مشینوں کو بھی سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی حد تک اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہو جاتا ہے، جن کے ذریعے ایسے نوٹوں کو استعمال کرتے ہوئے صارفین ادائیگیاں کرتے ہیں، مثال کے طور پر بینکوں کی کیش مشینیں، سگریٹ مشینیں، ریلوے کی ٹکٹ مشینیں اور اسی طرح کے بہت سے دوسرے الیکٹرانک پیمنٹ سسٹم، جن سب کا اس قابل بنایا جانا ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ نئے کرنسی نوٹوں کو ادائیگیوں کے قانونی ذریعے کے طور پر شناخت کر سکیں۔مزید بین الاقوامی خبریں
-
یو اے ای میں ریکارڈ بارشیں، گھروں کی مرمت کیلئے ساڑھے 54 کروڑ ڈالر کا اعلان
-
ارجنٹائن کا انٹرپول سے ایرانی وزیر داخلہ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
-
اطالوی شہر وینس کا سیاحت کے حوالے سے اہم فیصلہ
-
اسرائیل نے رفاح پرزمینی حملے کی تیاری کرلی
-
بنگلہ دیش کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 42ڈگری سے متجاویز
-
امریکی جامعات میں جو ہورہا ہے وہ خوفناک ہے، نیتن یاہو
-
یہودیوں کا مذہبی تہوار، سیکڑوں یہودیوں کامسجد اقصی پر دھاوا، فلسطینیوں کو نکال دیا
-
شاہ سلمان بن عبدالعزیزطبی معائنے کیلئے اسپتال میں داخل
-
یونانی شاہی جوڑے کا شادی کے 14سال بعد علیحدگی کا اعلان
-
روس نے خلا میں ہتھیار رکھنے سے متعلق قرارداد ویٹو کردی
-
امریکا، اسقاطِ حمل پرپابندی کے خاتمے کا بل منظور
-
پینٹاگون نے ٹیکٹیکل میزائل یوکرین منتقل کردیے، روسی میڈیا
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.