نیویارک ، عدالت نے اردن کے ’عرب بینک‘ کو حماس کا مددگار قرار دیدیا

منگل 23 ستمبر 2014 13:34

نیویارک ، عدالت نے اردن کے ’عرب بینک‘ کو حماس کا مددگار قرار دیدیا

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء)امریکہ کے شہر نیویارک کی ایک عدالت نے اردن کے ’عرب بینک‘ کو فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کا مددگار قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں بینک کو اسرائیل اور فلسطین میں حماس کی تقریباً دو درجن کارروائیوں کا نشانہ بننے والے افراد کو زرِ تلافی ادا کرنا ہوگا۔

ان حملوں کا نشانہ بننے والے تقریباً 300 امریکی شہریوں نے 2004 میں ’عرب بینک‘ پر دعویٰ کیا تھا۔اس مقدمے کو امریکہ میں بہت دلچسپی سے دیکھا جا رہا تھا کیونکہ یہ دہشتگردی کی فنڈنگ کے معاملے پر ملک میں دائر کیا گیا پہلا دیوانی مقدمہ تھا۔جیوری نے بینک کو ذمہ دار تو قرار دیا ہے لیکن عدالت نے زرِ تلافی کی رقم کے تعین کے لیے تاحال کوئی تاریخ نہیں دی ہے۔

(جاری ہے)

ایک اندازے کے مطابق ’عرب بینک‘ کے اثاثے 46 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہیں اور وہ پہلا بینک ہے جس پر امریکہ میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلا ہے۔اس مقدمے میں استغاثہ کا کہنا تھا کہ عرب بینک نے جانتے بوجھتے حماس کے ارکان کے اکاوٴنٹ کھولے اور دوسری انتفادہ تحریک کے دوران خودکش بمباروں کے اہلخانہ کو لاکھوں ڈالر کی ادائیگیاں کیں۔عرب بینک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ ان کے صارفین شدت پسندی میں ملوث ہیں۔