Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان سے استعفے واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے مطالبات کو پارلیمنٹ کے سامنے لانے مشورہ دیدیا

منگل 23 ستمبر 2014 17:30

سپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان سے استعفے واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عمران خان سے استعفے واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے مطالبات کو پارلیمنٹ کے سامنے لانے مشورہ دیدیا اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو جمعرات کی صبح گیارہ بجے تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ استعفوں کا معاملہ زیادہ دیر تک موخر نہیں کرسکتا۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیاسے گفتگو کررہے تھے جبکہ دوسری جانب سراج الحق نے کہا ہے کہ استعفوں کامعاملہ تکنیکی نہیں بلکہ سیاسی ہے اسے سیاسی طو رپر ہی حل ہونا چاہئے ، اگر استعفے منظور کرنے میں جلدی کی گئی تو اس سے سیاسی بحران شدید ہو جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے ممبران سے استعفوں کے معاملے پر جمعرات سے تصدیق کا عمل شروع کیا جائے گا تحریک انصاف کے جن پانچ ممبران نے چیئر مین پارٹی کے نام استعفے لکھے ہیں انہیں بھی خط لکھا ہے وہ اپنے استعفے سپیکر کے نام جمع کرائیں ورنہ ان کے استعفے تصور نہیں ہونگے اور استعفوں کی تصدیق کا عمل 15 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کرکٹ کے کھلاڑی ہیں ، سیاسی معاملات پر سیاسی میدان میں باؤلنگ اور بیٹنگ کے لیے بہترین فورم پارلیمنٹ ہاوس ہے جس کے سامنے اپنی بات کر سکتے ہیں اور مسائل حل کر سکتے ہیں انتخابی اصلاحات پارلیمنٹ ہاوس میں کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بحرین کا دورہ بڑا کامیاب رہا ہے جس دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو درخواست کی ہے کہ وہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفیٰ منظور کرنے میں جلدی نہ کریں ورنہ سیاسی بحران مزید شدت اختیار کرجائے گا ۔ منگل کے روز سراج الحق نے ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں سراج الحق نے ایاز صادق سے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

سراج الحق نے ایاز صادق سے اپیل کی ہے کہ ابھی تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفیٰ منظور نہ کئے جائیں کیونکہ سیاسی جرگہ نے مذاکرات کیلئے تحریک انصاف سے ملاقاتیں کرنی ہیں اور ابھی تک مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اگر ابھی استعفوں کو منظور کیا گیا تو پھر سیاسی بحران مزیدشدت اختیار کرجائے گا اور مذاکرات کا دور بھی خطرہ میں پڑ جائے گا۔

سراج الحق نے مختلف ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 20یا 40دن کا مسئلہ نہیں ہمیں بحران کو حل کرنے کی ضرورت ہے اگر استعفے منظور کئے گئے تو پھر 60دن میں ضمنی انتخابات کرانا ہونگے اور اس سے بحران میں شدت آجائے گی میں نے سپیکر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو موخر کریں اور مزید وقت دیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کرانا سیاسی طورپر نقصان دہ ہے لوگوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ یہ معاملہ کس طرح حل کیاجائے گا پی ٹی آئی نے استعفے دیئے ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ منظور نہ ہوں اور مسئلے کے حل کی صورت نکلے ہم آخری وقت تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔

وا ضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے ارکان اسمبلی کو 25 اور 26 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے ، شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپیکرکی جانب سے تاحال کوئی نوٹس نہیں ملا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی ، علی محمد خان اور اسد عمر کو 25 ستمبر دن گیارہ بجے طلب کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر عارف علوی ، شیریں مزاری اور منزہ حسن کو 26 ستمبر کو اسپیکر چیمبر آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوٹس موصول ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کریں گے

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات