پی سی بی نے فٹنس لیول بہتر نہ ہونے پر آفریدی سمیت 11قومی کھلاڑیوں کو جرمانہ کر دیا،

فٹنس لیول بہتر ہونے پر پانچ کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ‘ذرائع

منگل 23 ستمبر 2014 20:09

پی سی بی نے فٹنس لیول بہتر نہ ہونے پر آفریدی سمیت 11قومی کھلاڑیوں کو ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس لیول بہتر نہ ہونے پر قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی سمیت 11 قومی کھلاڑیوں کو جرمانہ کر دیا،فٹنس لیول بہتر ہونے پر پانچ کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔بورڈ نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کی دستاویز میں فٹنس لیول میں کمی پر جرمانے اور بہترین فٹنس لیول پرانعام دینے کی شق شامل کی تھی اور لیول کم ہونے پر سنٹرل کنٹریک کے معاوضے سے کٹوتی کی جانا تھی ۔

بورڈ نے پہلا فٹنس ٹیسٹ مئی میں لیا تھا لیکن یہ کہا گیا تھاکہ اسکے نتائج کا سنٹرل کنٹریکٹ پر کوئی اثر نہیں ہوگا ۔ یہ طے کیا گیا تھاکہ سال میں تین فٹنس ٹیسٹ لئے جائینگے ۔دوسرے فٹنس ٹیسٹ کے نتائج کے بعد جرمانے اور ریوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اسکے لئے جوایس او پیز تیار کیا گیا تھا اسکے مطابق جو کھلاڑی فٹنس لیول حاصل نہیں کرے گایا اس کا پچھلے فنٹنس لیول سے پچیس فیصد کم ہوا ہے اسے سنٹرل کنٹریکٹ کے مطابق دئیے جانے والے معاوضے سے ماہانہ پچیس فیصد کٹوتی کی جائے گی ۔

اسی کے مطابق گیارہ کھلاڑیوں کو جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ بہتر فٹنس والے 5 کھلاڑیوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ جرمانے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی ، عمر اکمل اور عبدالرحمان سمیت گیارہ کرکٹرز شامل ہیں۔ ناقص فٹنس والے کھلاڑیوں کی سنٹرل کنٹریکٹ فیس سے 25 فیصد کٹوتی ہو گی۔ اچھی فٹنس والے کھلاڑیوں میں مصباح الحق ، احمد شہزاد ، بلاول بھٹی ، عمر امین اور شان مسعود شامل ہیں۔احمد شہزاد اور بلاول بھٹی کودس فیصد ریوارڈ دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :