لاہور سمیت 6 بڑے شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس ہونے کا انکشاف ،

لاہور،کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، جیکب آباد اور حیدرآباد میں خطرناک قسم پی ون کے جرثومے پائے گئے‘ رپورٹ

منگل 23 ستمبر 2014 22:52

لاہور سمیت 6 بڑے شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس ہونے کا انکشاف ..

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء ) لاہور سمیت 6 بڑے شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور،کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، جیکب آباد اور حیدرآباد میں پولیو وائرس پایا گیاہے۔اگست میں 11شہروں کے سیوریج کے پانی کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جن میں سے اسلام آباد، ملتان، سکھر، فیصل آباد کے سیوریج کے پانی میں پولیووائرس نہیں پایا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور کے مین آؤٹ فال روڈ پمپ اسٹیشن سے حاصل کردہ نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔ کراچی کے سجن گوٹھ بلدیہ اور سہراب گوٹھ گڈاپ میں پولیو وائرس پایا گیا۔راولپنڈی کے علاقے صفدر آباد ،ہزارہ کالونی اور کوئٹہ میں جھٹک تختانی بائی پاس سے نمونے لیے گئے۔جیکب آباد کے صدر پمپنگ اسٹیشن اور حیدر آباد کے تلسی داس پمپنگ اسٹیشن سے نمونے لیے گئے تھے۔تمام شہروں میں پولیو کی خطرناک قسم پی ون کے جرثومے پائے گئے۔