بھارت مسلم ممالک کی طرف سے سیلاب زدگان کو امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے،سید علی گیلانی

بدھ 24 ستمبر 2014 15:58

بھارت مسلم ممالک کی طرف سے سیلاب زدگان کو امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ..

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم ملکوں اور تنظیموں نے کشمیری متاثرین سیلاب کے لیے بھاری امداد کی پیشکش کی ہے لیکن بھارت یہ امداد متاثرین تک پہنچے سے روکنے کیلئے بلا جواز پابندیاں عائد کر رہا ہے۔بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی طرز عمل کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ امداد متاثرین تک پہنچنے دی جائے تو چند مہینوں کے اندر انکی آباد کاری ممکن ہے تاہم بھارت کشمیریوں کو مسلسل اپنا دست نگر رکھنا چاہتا ہے ۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان ، ایران اور ترکی سمیت بہت سے مسلم ملکوں اور عالمی اداروں نے کشمیری متاثرین سیلا ب تک امداد پہنچانے کی خواہش ظاہر کی ہے لیکن بھارت اس انسانی مسلے پر سیاست چمکا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا یہ بھارت کے پالیسی سازوں کی ایک منصوبہ بند سازش ہے کہ کشمیری معاشی طورپر غیر مستحکم اورمسلسل اسکے دست نگر رہے۔

بزرگ رہنما نے کہا کہ بھارت کا یہ طرز عمل انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حق خود ارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو سراسر انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ دریں اثناء تحریک حریت جموں و کشمیر کے درجنوں کارکنوں نے برزلہ ہسپتال میں مریضوں کے لیے خون کا عطیہ دیا جبکہ تنظیم کی ایک ٹیم نے سیلاب سے متاثرہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کی صفائی میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں زلزلہ زدگان میں امداادی اشیا تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :