اسلم بیگ اور مخدوم جاوید ہاشمی کے انکشافات، طاہرالقادری اور شاہ محمود قریشی کے اعترافات کے بعد لندن پلان اپنی موت آپ مرگیا ،عابدشیرعلی،

عوام سمجھ چکے ہیں ان کٹھ پتلیوں کی ڈوریاں کہاں سے ہلائی جارہی ہیں، بیان

بدھ 24 ستمبر 2014 19:52

اسلم بیگ اور مخدوم جاوید ہاشمی کے انکشافات، طاہرالقادری اور شاہ محمود ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء ) پانی و بجلی کے وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جنرل(ر) مرزا اسلم بیگ اور مخدوم جاوید ہاشمی کے انکشافات ڈاکٹر طاہرالقادری اور شاہ محمود قریشی کے اعترافات کے بعد لندن پلان اپنی موت آپ مرگیا ہے،عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کٹھ پتلیوں کی ڈوریاں کہاں سے ہلائی جارہی ہیں اورپس پردہ اصل فنکار کون ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا ،انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز کیانی اور چیف جسٹس (ر) افتخار محمد چوہدری پر 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کے اصل مقاصد فوج اور عدلیہ کو بدنامی سے دوچار کرنا اور حکومت اور اداروں کے درمیان محاذ آرائی پیدا کرکے ذاتی مفادات حاصل کرناتھے لیکن خدا کو یہ منظور نہیں تھا،اسی دوران سیلاب نے بھی ان خدائی خدمت کے دعویداروں کے چہروں کو مذید بے نقاب کردیا،انہیں توفیق تک نہیں ہوئی کہ یہ دھرنے ملتوی کرکے سیلاب میں ڈوبتے ہوئے بے سہارا اور بے یارو مددگار لوگوں کی مدد کرسکیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں انہوں نے کسی پر بھروسہ کرنے کی بجائے ہر ضلع میں دیہاتوں اور قصبوں میں سیلاب کے آگے رہ کر لوگوں کی زندگیاں بچانے اور سیلاب کے پیچھے رہ کر متاثرین کی عملی مدد کیلئے جو کردار ادا کیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ قوم کو ایسے ہی لیڈر چاہئیں جو مشکل وقت میں ان کے کام آسکیں عوام کے دکھ درد میں شریک ہوں ایسے لیڈر نہیں چاہئیں جو کنٹینرتھیٹروں کی کٹھ پتلیاں بن جائیں اور جس کا جب جی چاہے ان پتلیوں کی ڈوریاں ہلائے اور یہ پتلیاں ناچ تماشا شروع کردیں۔