بھارتی خلائی جہاز ’منگل یان‘ نے کام شروع کر دیا

جمعرات 25 ستمبر 2014 13:33

بھارتی خلائی جہاز ’منگل یان‘ نے کام شروع کر دیا

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر۔2014ء)بھارت کے مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے خلائی جہاز ’منگل یان‘ نے کامیابی کے ساتھ مریخ کے مدار میں پہنچنے کے بعد سیارے کی تصاویر بنانے کے ساتھ کام شروع کر دیا ہے۔بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے اسرو کے حکام کا کہنا ہے کہ منگل یان نے کچھ تصاویر بھیج دی ہیں جن کا مطالعہ کیا جا رہا ہے کسی سیارے پر بھیجا جانے والا سستا ترین مشن ’منگل یان‘ اس سرخ سیارے کی آب و ہوا کا بھی مطالعہ کرے گا۔

(جاری ہے)

مقامی اخبار دا ہندو کے مطابق مشن نے سرخ سیارے کی سطح کی دس تصاویر بھیجی ہیں جس میں کچھ گڑھے دکھائی دیتے ہیں۔اخبار نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ تصاویر ’اچھے معیار‘ کی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عوامی سطح پر جاری کرنے سے پہلے ان تصاویر کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کو دکھایا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق خلائی گاڑی پر لے جائے جانے والے آلات میں کیمرا پہلا آلہ تھا جسے گاڑی کا مدار میں داخل ہونے کے چند گھنٹے بعد آن کر دیا گیا۔1350 کلو وزنی اس روبوٹک سیٹلائٹ مشن پر پانچ آلات نصب ہیں۔ اس گاڑی نے دس مہینے کی لمبی مسافت کے دوران 20 کروڑ کلومیٹر کا راستہ طے کیا۔