مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو کارکردگی میں بہتری کیلئے بیٹنگ کا انداز تبدیل کرنا ہوگا،وقاریونس،

مصباح الحق کو تیز کھیلنا اور آفریدی کو اپنی بیٹنگ میں ٹھہراوٴ لانا ہوگا، انٹرویو

جمعرات 25 ستمبر 2014 21:17

مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو کارکردگی میں بہتری کیلئے بیٹنگ کا انداز ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر 2014ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ مصباح الحق اور شاہد آفریدی فارم میں نہیں ، دونوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے اپنی بیٹنگ کا انداز تبدیل کرنا پڑے گا۔ مصباح الحق کو تیز کھیلنا ہوگا اور آفریدی کو اپنی بیٹنگ میں ٹھہراوٴ لانا ہوگا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ مصباح الحق کے بیٹنگ اسٹائل کے قطعاً خلاف نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے اسی سٹائل میں کھیلتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن کوچ کی حیثیت سے جب وہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی دیکھتے ہیں تو انھیں سٹرائیک ریٹ سست دکھائی دیتا ہے اس میں تیزی لانے کے لیے کپتان کو پہل کرنی ہوگی کیونکہ کپتان ہی اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لیے مثال قائم کرتا ہے اور دوسرے اس کی تقلید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وقاریونس نے کہا کہ شاہد آفریدی کو بھی بیٹنگ میں ٹھہراوٴ پیدا کرنا ہوگا۔ مصباح الحق اور شاہد آفریدی دونوں وسیع تجربے کے حامل بلے باز ہیں اور وہ خود کو ہر طرح کی صورتِ حال کے مطابق ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ بلے باز اپنے خول سے باہر نکلیں اور مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں جس کے لیے پاکستانی کرکٹ شہرت رکھتی ہے۔

انھوں نے سری لنکا کے خلاف کولمبو کے دوسرے ٹیسٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں اگرچہ پاکستانی بلے بازوں نے وکٹیں گنوائیں اور میچ بھی ہارا لیکن ان کی بیٹنگ مثبت دکھائی دی تھی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز ہے جس میں اسے ایک ٹی ٹوئنٹی تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔

متعلقہ عنوان :