لبرٹی روف ٹاپ ریسٹورنٹ ایک کروڑ57لاکھ68ہزار روپے سالانہ کرایہ پر دے دیا گیا

جمعرات 25 ستمبر 2014 22:47

لبرٹی روف ٹاپ ریسٹورنٹ ایک کروڑ57لاکھ68ہزار روپے سالانہ کرایہ پر دے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر 2014ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے لبر ٹی پارک اینڈ رائیڈ پلازہ گلبر گ کی دسویں منزل پرتعمیر کیا جانیوالا شہر کا بلند ترین روف ٹاپ ریسٹورنٹ 13لاکھ 14ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے ایک کروڑ57لاکھ68ہزار روپے سالانہ کرایہ پر دے دیا گیا۔ ایل ڈی اے کی طرف سے9ہزار مربع فٹ جگہ پر تعمیر کئے جانے والے اس ریسٹورنٹ کا کم از کم کرایہ60روپے فی مربع فٹ کے حساب سے پانچ لاکھ40ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا تھاجبکہ اس کے لئے سب سے زیادہ بولی 146روپے فی مربع فٹ کے حساب سے 13لاکھ14ہزار روپے ماہانہ دی گئی ۔

پیر سوہاوہ مارگلہ ٹاپ اسلام آباد پر قائم منال ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے سب سے زیادہ بولی دے کر یہ ریسٹورنٹ 10سال کے لئے کرائے پر حاصل کر لیا ۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹ کے حقوق کرایہ داری کے نیلام عام میں بولی میں حصہ لینے کے لئے چھے پارٹیوں نے زربیعانہ جمع کروایا ۔ شہری حلقوں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ روف ٹاپ ریسٹورنٹ کی نیلامی میں معروف پارٹیوں کی دلچسپی لاہور شہر اور بالخصوص لبرٹی پارک اینڈ رائید پلازہ میں کاروباری سرگرمیوں کے یقینی فروغ کی ضمانت ہے ۔

نیلام عام ایل ڈی اے کمیونٹی سنٹر 239-A نیو مسلم ٹاؤن نزد ایوبیہ مارکیٹ میں منعقد ہو ا جس کی نگرانی ایل ڈی اے کی آکشن کمیٹی کے ارکان چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن ‘ چیف ٹاؤن پلانر چودھری محمد اکرم ‘ ڈائریکٹر فنانس ظہیر اصغر رانا‘ ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ اکبر نکئی اور معظم رشید‘ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ فور وسیم عباس ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سیلز اینڈ الاٹمنٹ خرم یعقوب اور دیگر متعلقہ افسران نے کی۔