ویب سائٹس پر کئی بار لوگ گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں‘کترینہ کیف

جمعہ 26 ستمبر 2014 11:16

ویب سائٹس پر کئی بار لوگ گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں‘کترینہ کیف

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء)بالی ووڈ کی اداکارہ کترینہ کیف کو سماجی رابطے کے لیے مقبول فیس بک اور ٹوئٹر جیسی ویب سائٹس پر رہنا پسند نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ویب سائٹس پر کئی بار لوگ گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں اس لیے وہ ان سے بچتی ہیں۔ بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ بیشتر فنکار سوشل میڈیا پر کافی فعال ہیں اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں لیکن کترینہ اس سے بالکل مختلف ہیں۔

(جاری ہے)

کترینہ کیف آج کل اپنی آنے والی فلم ، بینگ بینگ کی پروموشن میں مصروف ہیں جہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران سوشل میڈیا سے دور رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے جو کہنا ہوتا ہے وہ اپنی فلموں کے پروموشن کے دوران کہہ دیتی ہوں۔ پھر اپنے خیالات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کی کیا ضرورت ہے۔کترینہ کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر لوگوں کے خیالات اور باتوں کے انداز کو پسند نہیں کرتیں۔ کئی بار دیکھتی ہوں کہ فلمی ستاروں کے مداحوں کے درمیان لڑائیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ آپ کتنے بھی بڑے فلمی ستارے کیوں نہ ہوں ، لوگ بیہودہ باتیں لکھتے رہتے ہیں۔ میری قوت برداشت کم ہے اور اگر کوئی ان کے بارے میں کچھ غلط لکھے یا کہے گا تو وہ چپ نہیں بیٹھیں گی۔