حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان ،پہلے مرحلے میں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کوفی کس 25ہزار کی پہلی قسط کی ادائیگی کا آغاز

ہفتہ 27 ستمبر 2014 20:09

حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی پیکج کا ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب متاثرین سیلاب کے لیے مہینوں نہیں بلکہ دنوں میں امدادی پیکج فراہم کر رہی ہے ۔پہلے مرحلے میں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کو انکے مکانوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے فی کس 25ہزار کی پہلی قسط کی ادائیگی کا آغاز ہو رہا ہے۔

یہ بات ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے پریس کلب کے عہدہ داروں اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک وفد کو میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی جس نے چئیرمین یعقوب شہزاد امر اور سیکرٹری عبدالجبار رضا انصاری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او حافظ آباد نے بتایا کہ امدادی پیکج کے دوسرے مرحلے میں فیصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو امدادی رقم کی ادائیگی 20اکتوبر سے شروع کر دی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی رقوم کی نادرا ریکارڈ کے مطابق شفاف طریقے سے تقسیم کے لیے متاثرہ علاقوں میں قادر آباد کالونی ،ونیکے تارڑ کے ،گورنمنٹ بوائز ہائی سکولوں ،دیہی مرکز صحت جلال پور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کے بوائز ہائی سکول نمبر 1اور نمبر 2میں خصوصی سنٹر بنائے گئے ہیں جہاں پر بنک آف پنجاب ،نادرا اور دیگر سرکاری محکمو ں کے متعلقہ افسران ریکارڈ کی تصدیق کے بعد متاثرین کو فی کس 25ہزار کی امداد فراہم کریں گے۔

ڈی سی او نے سیلاب کے دوران صوبائی و ضلعی حکومتوں کی جانب سے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن میں میڈیا کے مثبت اور تعمیری کوریج کو سراہتے ہوئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے تمام نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آنے والی شکایات ،تجاویز اور مثبت تنقید سے بھی صورتحال میں مسلسل بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے ۔اس موقع پر پریس کلب کے عہدہ داروں اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی نے متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں تمام ممکنہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :