Live Updates

لاہور میں تاریخی جلسہ ہو گا،طارق ملک نے دھاندلی کی تصدیق کر دی، طاہر عالم ! تم اصلی خان نہیں بلکہ گیدڑ ہو: عمران خان

ہفتہ 27 ستمبر 2014 23:02

لاہور میں تاریخی جلسہ ہو گا،طارق ملک نے دھاندلی کی تصدیق کر دی، طاہر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا پر امن احتجاج جاری ہے اور قوم جاگ چکی ہے، ہم نے تو دنیا بھر میں طویل ترین دھرنے کا ریکارڈ بنا دیا ہے اور ہماری آواز دنیا بھر میں جا رہی ہے، شریف خاندان 30 سال سے حکومت میں رہ کر کاروبار کر رہا ہے ، ہم مزید ان کو یہ کاروبار جاری رکھنے نہیں دیں گے، خاندانی سیاست کو دفن کرنے جا رہے ہیں اور عوام کو حقوق دلا کر رہیں گے۔

ڈی چوک میں جاری دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ نواز شریف اپنا استعفیٰ دینے میں ذرا سی اور دیر کر دیں تا کہ میں پورے پاکستان کو ان کے حقوق تو بتا دوں، یہ حکومت دھاندلی سے آئی اور کرپشن کر رہی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ کا منصوبہ 35ارب سے بڑھ کر 65ارب روپے تک پہنچ گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ہمارے دھرنے کی وجہ سے میٹرو پس منصوبے پر 600کروڑ روپےاضافی خرچ ہوں گے، یہ اس جھوٹی حکومت کا ایک اور جھوٹ ہے اور اب تو نواز شریف کے خلاف قومی اسمبلی میں جھوٹ بولنے پر کیس کی سماعت بھی سوموار کے روز ہونے جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ میں دھرنے کے شرکاءپر حکومتی تشدد کو کبھی نہیں بھولوں گا، ان سے حساب لوں گا، میں شرکاءکو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہمارے کارکنوں کے قتل پر وزیر اعظم ، آئی جی اسلام آباد اور وزیر داخلہ نثار خان کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا ہے، ہم یہ بات مقدمے تک نہیں رہنے دیں گے، میں اسلام آباد پولیس کے ’گلو بٹ‘ طاہر عالم سے کہتا ہوں ’تم خود خان کہتے ہو اور اصل میں تم گیدڑ ہو‘ ۔

کپتان نے سابق چیئرمین نادرا کی جانب دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق انکشافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طارق ملک نے کہا ہے کہ جب میں چیئرمین تھا تو ایک دن میں ایک لاکھ ووٹوں کی تصدیق ہو سکتی تھی، اس کا مطلب ہے ہمارے چار حلقے تو صرف چار روز میں آڈٹ ہو سکتے تھے مگر اس بد نیت حکومت نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا، طارق ملک نے درست سیاہی اور کا غذ استعمال نہ کرنے کی بھی تصدیق کی ہے ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ دھاندلی کرنے والے لوگوں کے نام بھی عدالتوں کو دے دئے تھے مگر اس کے خلاف کیا کاروائی ہوئی؟ جب کہ تمام حلقوں کی تصدیق بھی چند ماہ میں ممکن ہے، اس کے بعد تو ہم استعفی لئے بغیر اور تحقیقات کروائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ نواز شریف کے استعفے تک دھرنا جاری رکھیں گے اور محمود غزنوی کی طرح شہر شہر میں جلسے کر کے اس حکومت پر حملے بھی جاری رکھیں گے، لاہور میں ایک بہت بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے اور مجھے پتا ہے کہ لاہوریے میری آواز پر لبیک کہنے والے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :