ابھی ہم نے جلسے نہیں کئے، جب کریں گے تو لوگ دیکھ لیں گے، وزیراعظم نواز شریف

پیر 29 ستمبر 2014 14:22

ابھی ہم نے جلسے نہیں کئے، جب کریں گے تو لوگ دیکھ لیں گے، وزیراعظم نواز ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے جلسے نہیں کئے، جب کریں گے تو لوگ دیکھ لیں گے ،ملک کے سیاسی نظام میں موجود خرابیاں نظر میں ہیں موقع ملا تو ٹھیک کریں گے،ہم اپنے دورمیں انتخابی عمل کو بہترکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست دان شعور کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں نے اکٹھے ہو کر ایک پیغام دیا، قوم اور ساری سیاسی جماعتیں ایک طرف جب کہ چند لوگ دوسری طرف ہیں،پارلیمنٹ نے جمہوریت کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، دھرنے والے دھرنا دے رہے ہیں اور ہم اپنا کام کر رہے ہیں، جنھوں نے ملک کے خلاف منفی کھیل کھیلا ان کا جواب نہیں دوں گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے پاکستانی عوام ،کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں کمزوریاں حل کرنا ہمارے منشورکا حصہ ہے، دھرنے و الے جب ریڈزون میں آئے تو عدالت نے جو آبزرویشن دی تھی وہ سب کے سا منے ہے،میراخیال نہیں کہ عدالتیں حکومت کےخلاف کسی سازش میں ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :