شعیب ملک نے ڈپارٹمنٹل ٹیم پی آئی اے کی ملازمت بھی چھوڑدی، زرعی ترقیاتی بینک میں شمولیت اختیار کرلی

پیر 29 ستمبر 2014 15:07

شعیب ملک نے ڈپارٹمنٹل ٹیم پی آئی اے کی ملازمت بھی چھوڑدی، زرعی ترقیاتی ..

کراچی، حیدر آباد دکن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک پاکستانی سلیکٹرز سے مایوس ہوکر فی الحال غیر ملکی لیگز میں قسمت آزما رہے ہیں۔کراچی میں ریجن کا ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ چھوڑ کر وہ بھارت میں ہوبارٹ ہری کن سے چیمپئنز لیگ کھیل رہے ہیں اور خاصے کامیاب ہیں۔اب شعیب ملک نے تقریبا ًپندرہ سال بعد اپنی ڈپارٹمنٹل ٹیم پی آئی اے کی مستقل ملازمت بھی چھوڑی دی ہے اور زرعی ترقیاتی بینک میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک نے سینئر وائس پریذیڈنٹ کے طور مستقل ملازمت دے دی ہے اس لئے ایئر لائینز سے استعفٰی دے دیا ہے۔قومی ٹیم کے اسٹار آف اسپنر سعید اجمل بھی زرعی ترقیاتی بینک میں کھیلتے ہیں اور گذشتہ ہفتے انہیں ترقی دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شعیب ملک ایئر لائینز کے کپتان تھے۔اس سے قبل وہ نیشنل بینک جوائن کرنا چاہتے تھے۔

گذشتہ ماہ انہیں سوئی سدرن نے بھی بھاری معاوضے پر ملازمت کی پیشکش کی تھی۔سوئی سدرن نے شاہد آفریدی ، اسد شفیق،انور علی،عبدالرحمن سمیت کئی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم جوائن کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن عارضی ملازمت ہونے کی وجہ سے کسی نے ان کی پیشکش پر غور نہیں کیا۔شعیب ملک پی آئی اے میں بھی مستقل ملازم تھے۔اس ٹیم میں سرفرازاحمد ، انور علی،فیصل اقبال اور اعزاز چیمہ کھیلتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :