اتحاد ایئرویزکراچی کیلئے پروازوں میں اضافہ کرے گی

پیر 29 ستمبر 2014 16:45

اتحاد ایئرویزکراچی کیلئے پروازوں میں اضافہ کرے گی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء)متحدہ عرب امارات کی قومی ایئر لائن اتحاد ایئرویز 18 نومبر سے ابو ظہبی اورکراچی کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر ایک نئی پرواز کا اضافہ کرے گی۔یہ اضافی سروس ایئربس A320 طیارے کے ذریعے فراہم کی جائے گی جس میں بزنس کلاس میں 16 اوراکانومی کلاس میں 120 نشستوں کے ساتھ136 مسافروں کو منزل مقصودتک پہنچانے کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔

اسی طرح ابو ظہبی اورکراچی روٹ پر ہفتہ وارمجموعی طورپر 1,904 نئی نشستیں شامل ہو جائیں گی۔ اتحادایئر ویز اب کراچی ، لاہور، اسلام آباد اور پشاورسمیت پاکستان کیلئے 46 ہفتہ وار ریٹرن پروازیں پیش کرنے کے قابل ہو جائے گی۔ اتحادایئر ویزکے چیف سٹریٹیجی اینڈ پلاننگ آفیسرکیون نائٹ نے کہا ہے کہ نئی پروازیں پاکستان کی مارکیٹ میں اتحاد ایئرویز کی موجودگی کومضبوط اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کومزید فروغ دیں گی۔

(جاری ہے)

نومبر 2004 میں خدمات کے آغازکے بعد سے اب تک اتحاد ایئرویزکے ذریعے کراچی سے ایک ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پرنئی دگنی سروس ہمارے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔اتحاد ائیرویز سے متعلق: اتحاد ائیر ویز متحدہ عرب امارات کی قومی ائیر لائن ہے جس کا مرکز متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو دھابی میں ہے۔

آج اتحاد ائیر ویز دنیا بھرکے مختلف خطّوں میں60 سے زائدمنازل تک فضائی سفر کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ، جن میں مشرق وسطیٰ، یورپ، شمالی امریکہ، افریقہ، ایشیاء اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ پاکستان سے ہر ہفتے اتحاد ائیرویز کی 23 پروازیں ابودھابی کے لئے روانہ ہوتی ہیں، جن میں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سے روزانہ کی ایک پرواز، جبکہ پشاور سے ہفتے میں دو پروازیں شامل ہیں ۔