اسلامی ثقافت اور دین اسلام نے مسلمانوں کو یکجا کر دیا ،شاہ عبداللہ،باغیانہ سوچ کو کامیابی سے شکست فاش سے دوچار کیا،سعودی فرمانرواکی تقریر

پیر 29 ستمبر 2014 19:49

اسلامی ثقافت اور دین اسلام نے مسلمانوں کو یکجا کر دیا ،شاہ عبداللہ،باغیانہ ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے دین حنیف سے انحراف پر مبنی باغیانہ نظریات کو شکست فاش سے دوچار کر دیا ہے، ریاست، عوام سیکیورٹی ادارے، ذرائع ابلاغ اور ثقافتی انجمنیں دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور امن دشمن عناصرکو شکست دینے کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سعودی حکومت اس اندرونی آفت سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شاہ عبداللہ کی جانب سے خصوصی پیغام مکہ مکرمہ میں ہونے والے رابطہ عالم اسلامی کے زیراہتمام ایک سیمینار کے دوران گورنر مکہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ نے پڑھ کر سنایا، شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ اسلامی ثقافت ہی مسلم امہ کی اصل پہچان ہے جس کے ذریعے ہم اسلامی تہذیب وتمدن کے حقیقی چہرے کو دیکھ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں مسلمانوں کی تہذیب ایک ہی ہے۔ کیونکہ مسلمان دین اسلام، رسالت، قرآن، شعائر اسلام کے گرد جمع ہیں اور انہی خصوصیات کی بناء پر مسلم امہ کے حال اور مستقبل کی تعمیرو تشکیل کر رہے ہیں۔شاہ عبداللہ نے کہا کہ اسلامی ثقافت اور دین اسلام نے مسلمانوں کو یکجا کر دیا ہے مگر مسلم امہ کی یکجائی کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

مسلم امہ کو اپنے علاقائی، جغرافیائی اور مخصوص گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف امت کیاجتماعی مفاد کے لیے ایک پرچم تلے جمع ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تہذیب ثقافت میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور باغیانہ نظریات کے تحت دوسروں کے جان ومال کو نقصان پہنچانے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ ہم علماء، اہل قلم اور مسلم معاشروں کے سنجیدہ فکر دانشوروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسلمان امہ کو انتہا پسندانہ خیالات جیسی آلائشوں سے بچانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔