’گو نواز گو‘ تبدیلی کی علامت ہے، اعتزاز احسن

پیر 29 ستمبر 2014 21:33

’گو نواز گو‘ تبدیلی کی علامت ہے، اعتزاز احسن

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سینیٹراعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ "گو نواز گو" کے نعرے تبدیلی کی علامت ہیں۔عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلیوں کے خلاف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام کو 'گو نواز گو' کا نعرہ فراہم کیا جو کہ اس وقت ملک میں زبان زد عام بنا ہوا ہے۔

دارلحکومت میں دھرنوں کے باعث بلائے گئے پارلیمنٹ کے حالیہ مشترکہ سیشن میں نواز شریف کو مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دینے والے اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کو عوام سے دور رہنے کا بھی مشورہ دے دیا۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام اور مزدور دشمن ہیں تاہم دھرنوں اور جلوسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اسمبلی میں نواز شریف کا نہیں بلکہ جمہوریت کا ساتھ دیاتھا۔اعتزاز احسن نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے "سیاسی لوٹے" ہیں۔اعتزاز احسن کے مطابق کل تک عمران خان ،شیخ رشید کو اپنا چپڑاسی رکھنے پر تیار نہیں تھے لیکن آج ان کے مشورے کے بغیر ایک قدم بھی نہیں اٹھاتے۔

متعلقہ عنوان :