امریکا سے سیکیورٹی معاہدہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے، تسنیم اسلم

جمعرات 2 اکتوبر 2014 14:48

امریکا سے سیکیورٹی معاہدہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے، تسنیم اسلم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر 2014ء) دفتر خارجہ نے افغانستان میں اقتدار کی پرامن منتقلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ سیکیورٹی معاہدہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ افغانستان خود مختار ملک ہے اور دوسرے ممالک کے ساتھ معاہدے کرنے میں آزاد ہے۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کے حق خودارادیت میں ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔تاہم پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف سے بالکل پیچھے نہیں ہٹا اور کشمیری قیادت سے مشاورت معمول کا حصہ ہے۔

ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کوششوں کے باوجود پولیو وائرس کا خاتمہ نہ ہونا افسوسناک ہے اور پاکستان سے باہر جانے والوں کو پولیو ویکسین پلائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پولیو پر قابو پانے کے لیے ہم بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہا کہ شملہ معاہدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کو غیر موثر نہیں بناتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کسی ادارے یا تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق طریقہ کار موجود ہے اورامریکہ کی طرف سے یکطرفہ طور پر 3 پاکستانیوں پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق پاکستان پر نہیں ہوتا۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ سیاچن سے افواج کی واپسی کی تجویز پر ہندوستان نے مثبت جواب نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان پڑوسی ملک ہیں اور آج یا کل ہمیں مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کرنا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :