Live Updates

مریم نواز ! یہ بادشاہت نہیں بلکہ جمہوریت ہے، جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے میں دھرنا جاری رکھوں گا: عمران خان

جمعرات 2 اکتوبر 2014 17:55

مریم نواز ! یہ بادشاہت نہیں بلکہ جمہوریت ہے، جب تک نواز شریف استعفیٰ ..

میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آپ کے کپتان نے میاں نواز شریف کو انتخابات میں چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا ہے، اب میں انہیں چھوڑنے والا نہیں کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ میں جس کو پکڑ لیتا ہوں اس کو چھوڑتا نہیں، جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے میں اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھوں گا، لیکن نواز شریف استفیٰ دینے میں بالکل جلدی نہ کریں تاکہ میں پوری قوم کو جگا لوں کیونکہ اگر یہ قوم جاگ گئی تو کوئی ہمیں روک نہیں سکے گا اور ہم ایک نیاپاکستان بنائیں گے۔

میانوالی میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں میانوالی کو کامیاب جلسہ کرنے پر مبارکبار دیتا ہوں،لاہور میں جلسے کے بعد میانوالی آنے کا فیصلہ اس لئے کیا کہ جب مجھے کوئی ووٹ نہیں دے رہا تھا تو میانوالی نے میرا ساتھ دیا تھا، میں بھی میانوالی کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا، میں ہمیشہ آپ کے حقوق کے لئے کھڑا رہوں گا کیونکہ آپ کے مجھ پر بڑے احسان ہیں، میں اس پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں میانوالی کے لوگوں کا معذرت خواہ ہوں کہ آپ کو بھرپور وقت نہیں دے سکا مگر فکر نہ کریں ہم نیا پاکستان بنا رہے ہیں جہاں آپ کے تمام مسائل خود بخود حل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آج میں میانوالی میں بھی یہ پیغام لے کر آیا ہوں کہ آئندہ سے آپ نے کبھی ظلم برداشت نہیں کرنا بلکہ ظلم کے سامنے کھڑا ہو جانا ہے کیونکہ جو معاشرہ ظلم کے سامنے جھک جاتا ہے وہ جانوروں کے مقام پر پہنچ جاتا ہے اور وہاں حقوق نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہتی، وہاں جمہوریت کا کوئی مستقبل نہیں ہو تا۔ کپتان نے وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں وزیر آباد میں ’گو نواز گو‘ کہنے والوں کو ن لیگ کی جانب سے مارا جا نا ’ٹریلر‘ ہے میں ان کو کہتا ہوں کہ مریم نواز! یہ بادشاہت نہیں بلکہ جمہوریت ہے،’گو نواز گو‘ کہنا کوئی بری بات نہیںاور یہ ہی قانون کی خلاف ورزی ہے، یہ ہر کسی کا جمہوری حق ہے لیکن مسلم لیگ ن کے بدمعاش یہ نعرہ لگانے والوں کو مار رہے ہیں، اگر کوئی مجھے ’گو عمران گو‘ کہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہو گاکیونکہ میں جمہوری حقوق کا احترام کرتا ہوں ، نواز شریف اور شہباز شریف کی طرح لوگوں کو دھکے نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے کسانوں کی مدد ایسے ہی کروں گا جیسے ہندوستان میں کسانوں کی مدد کی جاتی ہے ، بجلی سستی ملتی ہے اور کھادیں مفت ملتی ہیں جبکہ زرعی اصلاحات کی گئی ہیں، لیکن پاکستان میں کسانوں کے ساتھ ظلم ہوتا ہے، ہم ان کو بھی حقوق لے کر دیں گے اور ہمارے کسانوں کی فصلی پیداوار بھی دو اور تین گنا ہو جائے گی جس سے ہمارا کسان خوشحال ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میانوالی میں نمل یونیورسٹی کی صورت میں ایک تحفہ دیا ہے، یہ مزید پھیلے گی اور ملک بھر سے لوگ تعلیم حاصل کرنے یہاں آئیں گے، میانوالی میں سکولوں کی حلات اچھی نہیں اور یہاں کیڈٹ کالج کی بھی ضرورت ہے، بہت جلد یہاں کیڈٹ کالج بھی قائم کریں گے تاکہ تعلیم کی صورتحال بہتر ہو جائے۔ شرکاءسے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ یہ جلسہ صرف تین دن کے نوٹس پر کیا جا رہا ہے، کسی دوسری جماعت نے اتنا بڑا جلسہ کرنا ہو تو اس کو چھ مہینے سے زیادہ کا وقت لگے، نواز شریف کہتے ہیں ان کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ ملے تھے وہ ہمارے جلسے کا تیس فیصدبڑا جلسہ بھی کر کے دکھا دیں، ہم ان کو جلسہ کرنے کے لئے خیبر پختونخواہ سے بھی پٹواری بھجوا دیں گے، جتنے لوگ آج اس اسٹیڈیم میں آگئے ہیں مجھے فکر ہو رہی کہ میانوالی شہر میں بھی کوئی باقی رہ گیا ہے یا نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات