عیدالاضحی پر قصابوں کے ساتھ اناڑی بھی میدان میں اتر آئے

جمعہ 3 اکتوبر 2014 13:22

عیدالاضحی پر قصابوں کے ساتھ اناڑی بھی میدان میں اتر آئے

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء) صوبائی دارالحکومت میں عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی قصابوں نے بھی چھریاں تیز کرلی ہیں،منہ مانگے ریٹس مانگے جارہے ہیں جبکہ بیشتر قصابوں نے تو ایڈوانس بکنگ کے لئے مختلف علاقوں میں بینرز بھی آویزاں کردئیے ہیں۔ کچھ قصابوں نے عید سے قبل ہی عارضی دکانیں بنانا شروع کردی ہیں جہاں وہ عید کے روز جانور ذبح کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اناڑی قصاب بھی میدان میں اتر آئے ہیں اور جانوروں کی کھالیں اتارنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بھی کھالیں اتاریں گے۔ عید کے روز قصابوں کی طرف سے بکرا ذبح کرنے کا کم از کم ریٹ 2500 روپے مقرر کیا گیا جبکہ کئی مشہور قصاب 3 ہزارسے 3500 روپے تک ڈیمانڈ کررہے ہیں۔ چھترے اور دنبے کا ریٹ 2 ہزار سے 2500 روپے تک رکھا گیا ہے۔ گائے کی قربانی کرنے کےلئے قصابوں نے ریٹ بڑھادئیے ہیں اور کم از کم 6 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ گیارہ ہزار روپے تک رکھا گیا ہے۔ قربانی فیس کے علاوہ عید پر عوام کو قصابوں کے نخرے بھی اٹھانا پڑیں گے جبکہ قصاب کو جاتے ہوئے سری پائے اور گوشت میں بھی حصہ دینا لازمی ہے۔