علماء کونسل کا عوامی تحریک کے مدمقابل الیکشن لڑنے کا اعلان

جمعہ 3 اکتوبر 2014 17:30

علماء کونسل کا عوامی تحریک کے مدمقابل الیکشن لڑنے کا اعلان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل نے آئندہ انتخابات میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے مدمقابل امیدوار لانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کینیڈا کی شہریت چھوڑ کر الیکشن میں حصہ لیں۔

انہوں نےاعلان کیا کہ انتخابات میں عوامی تحریک کا جس حلقے میں بھی امیدوارکھڑا ہوا، پاکستان علماء کونسل اس کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی کو لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ حکومت فرقہ واریت ختم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے 22 اکتوبر کو علماء امن کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن میں شیعہ اور سنی علماء دین ایک ساتھ مل بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

دھرنوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد کے بجائے آئی ڈی پیز اور سیلاب زدگان کے ساتھ عید اور قربانی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دھرنے والے ایک سال تک بھی بیٹھنا چاہتے ہیں تو بیٹھے رہیں لیکن فوج نہیں آئے گی۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ڈاکٹرطاہر القادری کی زبان نازیبا اور ان کی ضد اور انا پر افسوسناک ہے۔

متعلقہ عنوان :