لندن میں ہتھوڑاگروپ کا حملہ،تین امارتی بہنیں شدیدزخمی

جمعرات 9 اکتوبر 2014 14:04

لندن میں ہتھوڑاگروپ کا حملہ،تین امارتی بہنیں شدیدزخمی

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء) متحدہ عرب امارات سے برطانیہ کی سیر کے لئے آنے والی تین بہنوں پر ہتھوڑاگروپ نے حملہ کردیا،تینوں بہنوں کو زخمی کرکے قیمتی سامان اوراے ٹی ایم کارڈزلوٹ کر فرارہوگئے ،میڈیارپورٹس کے مطابق چھتیس سالہ خولود، 31سالہ فاطمہ اور 34سالہ اوحود لندن کے مشہور ترین اور مہنگے ترین ہوٹلوں میں سے ایک کمبر لینڈ ہوٹل میں مقیم تھیں۔

انہوں نے اپنے ننھے بچوں کے ساتھ قیام کے لئے دو ملحقہ کمرے لے رکھے تھے ۔تقریباً نصف شب کے بعد فاطمہ کو اچانک چیخوں کی آواز سنائی دی تو اس نے دیکھا کہ اس کی بہن کے کمرے کا دروازہ کھلا تھا اور ایک مرد وحشیانہ انداز میں اس کے سر پر ہتھوڑے برسا رہا تھا ۔جب یہ اپنی بہن کو بچانے کے لئے آگے بڑھی تو اس بدبخت نے اس کو بھی ہتھوڑے سے حملے کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

اس کے سر پر شدید زخم آئے اور ناک کی ہڈی بری طرح ٹوٹ گئی ۔تشدد سے اس کی بہن خولود کا دماغ جزوی طور پر مفلوج ہو گیا۔دریں اثناء حملہ آور نے دوسرے کمرے میں جا کہ اوحور کو بھی ہتھوڑے کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا ۔تینوں بہنوں کو بے ہوش کرنے کے بعد فلپ نامی حملہ آور ان کی قیمتی اشیاء سے بھرا بیگ اٹھا کر فرار ہو گیا۔بعد ازاں اس کے ایک دوست نے بینک کارڈ استعمال کرتے ہوئے ان کے لاکھوں روپے بھی نکلوا لئے۔

متعلقہ عنوان :