مدینہ منورہ میں 55ارب ریال کی لاگت سے حاجیوں کی رہائش کیلئے خصوصی شہر کی تعمیر شروع

جمعرات 9 اکتوبر 2014 16:45

مدینہ منورہ میں 55ارب ریال کی لاگت سے حاجیوں کی رہائش کیلئے خصوصی شہر ..

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء) مدینہ منورہ میں زائرین کے لئے خصوصی کثیر المنزلہ رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے کیلئے 55ارب ریال کی لاگت سے شاہ عبد اللہ سٹی برائے حجاج کے پہلے مرحلے پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔یہ شہر 16لاکھ مربع میٹر اراضی پر پھیلا ہو گا اور 100کثیر المنزلہ رہائشی ٹاورز کا تعمیراتی منصوبہ دوسال میں مکمل ہو گا۔

یہ منصوبہ مسجد نبوی کے مغرب میں تین کلومیٹر دور واقع اراضی پر شروع کیا گیاہے جو مسجد میقات سے بھی تین کلومیٹر اور تاریخ اسلام کی سب سے پہلی مسجد قبا سے 900میٹر کے فاصلے پر ہے ۔مدینہ کے گورنرشہزادہ فیصل بن سلمان نے بتایا ہے کہ شاہ عبد اللہ نے وزارت خزانہ کو اس منصوبے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے -اس منصوبے کا نام دارالھجرہ رکھا گیا ہے- یہاں تعمیر کئے جانے والے 100ٹاورز میں سے 20انتظامی مقاصد کے لئے جبکہ 80رہائشی مقاصد کیلئے استعمال ہونگے ہر عمارت کی 30منزلیں ہونگی۔

(جاری ہے)

یہاں 76فور سٹار اور 6فائیوسٹا ر ہوٹل قائم کئے جائینگے جن کے 40ہزار کمروں میں مدینہ منورہ کی زیارت کیلئے آنیوالے دو لاکھ افراد کے قیام کا انتظام ہو گا۔منصوبے کے تحت 400بستروں کا ایک ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ 84ہزار افراد کو روزانہ مسجد نبوی آنے جانے کی سہولت مہیا کرنے کیلئے ایلی ویٹڈ ٹرین اور ریلوے سٹیشن بھی تعمیر کیا جائیگا ۔