Live Updates

نریندر مودی نئے پاکستان کو شکست نہیں دے سکتے، نواز شریف کی خاموشی کی وجہ ’کاروبار‘ ، ملک میں نئے انتظامی یونٹس بنائیں گے، عمران خان

جمعہ 10 اکتوبر 2014 19:52

نریندر مودی نئے پاکستان کو شکست نہیں دے سکتے، نواز شریف کی خاموشی کی ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پر ایک طرف امریکہ ڈرون حملے جبکہ دوسری طرف بھارت فائرنگ کر رہا ہے مگر نواز شریف چپ سادھے بیٹھے ہیں اس لئے میں عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے کہتا ہوں نریندر مودی! غلط فہمی میں نہ رہنا ، آپ نئے پاکستان کو شکست نہیں دے سکتے ، کشمیر سے فوج واپس بلائیں۔

ہماری قوم جاگ گئی ہے، اب نواز شریف اور زرداری کی پارٹنر شپ توڑیں گے سندھ کا بھی دورہ کروں گا، نئے پاکستان میں عدل انصاف قائم کریں گےاور مزید انتظامی یونٹس بھی بنائیں گے۔ قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر نواز شریف خاموش ہیں مگر میں پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے آج آواز بلند کرتا ہوں، نریندر مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ سیالکوٹ میں فائرنگ کرنے سے پاکستانی قوم ڈر جائے گی مگر یہ نیا پاکستان بننے جا رہا ہے جس میں فوج اور عوام ایک ساتھ ہیں، نریندر مودی ! آپ نئے پاکستان کو شکست نہیں دے سکتے، اس لئے مٹھی بھر انتہاءپسند لوگوں کی نمائندگی نہ کرو بلکہ عوام کی نمائندگی کرو اور پاکستان کے ساتھ مسائل حل کرو، کشمیریوں کو ان کے حقوق دوکیونکہ یہ آپ کے پاس سنہری موقع ہے، امن آئے گا تو خوشحالی آئے گی۔

(جاری ہے)

کپتان نے کہا کہ نریندر مودی ! میں آپ کو مفت مشورہ دے رہا ہوں، کشمیر کے مسئلے کو حل کر کے خطے میں امن قائم کریں اور پھر بھارت کی غربت پر دھیان دیں کیونکہ سیاستدان عوام کا خیال کرتے ہیں، امن قائم کریں تاکہ دونوں ممالک میں عوام خوشحال ہوں اور اسلحے کی دوڑ ختم ہو کیونکہ تھوڑے سے انتہاءپسندوں کے علاوہ جنگ سے کوئی خوش نہیں ہے، اس لئے کشمیر سے فوج واپس بلائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ڈرون حملے ہو رہے ہیں اور دوسری طرف بھارت مشرقی سرحد پر فائرنگ کر کے ہمارے لوگوں کو شہید کر رہا ہے مگر نواز شریف خاموش بیٹھے ہیں، ان کے منہ اس کے خلاف ایک لفظ نہیں نکلا، جب الیکشن ہو رہے تھے تو یہ ڈرون حملوں کے خلاف بات کرتے تھے مگر اب چپ ہو گئے ہیں کیونکہ ان کا کاروبار باہر ہے اور یہ اسی کو بچا رہے ہیں، مودی نے پاکستان دشمنی میں سخت ترین بیان بازی مگر نواز شریف خاموش ہیں کیونکہ ان کا بیٹا بھارت میں کاروبار کر رہا ہے، عوام آئندہ کسی کاروباری شخص کو ووٹ نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کو بنیادی حقوق تک رسائی حاصل نہیں، تعلیم اور انصاف نہیں ملتا، عوام کی ساری زندگی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرتے کرتے گزر جاتی ہے لیکن ہم اس ملک کو قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے، پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے گا جس میں ظلم نظام نہیں ہو گ اور باہر سے لوگ روزگار حاصل کرنے آیا کریں گے، ہم انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے بھی بنائیں گے اور اس کے لئے خصوصی کمیشن قائم کر کے زیادہ زیادہ سے انتظامی یونٹس بنائیں گے۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ آج نواز شریف اور آصف زرداری پھر سے مل چکے ہیں، واضح ہو گیا ہے کہ یہ دونوں پارٹیاں مل کر کھیل رہی ہیں مگر اب میں ان دونوں کی لمبی پارٹنر شپ توڑوں گا،آصف زرداری ! تیار ہو جاؤ میں سندھ بھی آ رہا ہوں، سب کسیاستدانوں ے اثاثے باہر ہیں اور عوام کو لوٹ رہے ہیں، ہمارے وکلاءان کے اثاثوں کی تحقیقات کریں گے اور پھر عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں ہم ان کو مجبور کریں گے کہ یہ اپنی دولت کے بارے میں بتائیں تاکہ پتہ چلے یہ کتنے بڑے چور ہیں۔

شرکاءسے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آج ملتان نے بھی پیغام دے دیا ہے، اتنا بڑا جلسہ ہو گیا ہے اور تاریخ میں پہلی بار اتنی زیادہ خواتین بھی جلسے میں موجود ہیں، میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے میری قوم کو جگا دیااور مجھے عزت عطا کی کیونکہ کسی کو عزت اور ذلت دینے کا اختیارصرف اسی کے پاس ہے، جب لاہور سے آزادی مارچ لے کر نکل رہا تھا تو لگ رہا تھا کہ نواز شریف کا استعفیٰ لے لیا تو بڑی کامیابی ہو گی مگر اللہ نے تو مجھے پوری قوم جگانے پر لگا دیا، اللہ نے مجھ سے اتنا بڑا کام لے لیا میں اس کا شکر ادا کرتا ہوںاور اب ہم نیا پاکستان بنا کر عدل وانصاف کا نظام نافذ کرنے والے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات