عبدالقادر گیلانی کے زیراستعمال گاڑی ای او بی آئی کی نکلی

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 14:07

عبدالقادر گیلانی کے زیراستعمال گاڑی ای او بی آئی کی نکلی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر 2014ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی گارڈ کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت کے وقت جو گاڑی استعمال کررہے تھے، وہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی ملکیت نکلی، غریب مزدوروں کے فنڈز سے خریدی گئی گاڑی وہ غیر قانونی طور پر استعمال کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات لاہور کے علاقے ڈیفنس کے وائی بلاک میں موٹرسائیکل سوار کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کے وقت عبدالقادر گیلانی اور ان کا قاتل گارڈ جس گاڑی میں سوار تھے،وہ مبینہ طور پر ای او بی آئی کی ملکیت تھی۔ ذرائع کے مطابق عبدالقادر گیلانی کے زیراستعمال 1800cc گاڑی نمبر GW-913 ٹیوٹا ہائی لکس ڈبل کیبن ماڈل 2011ءانہیں 8 ماہ قبل فراہم کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیئرمین ای او بی آئی محمد صالح فاروقی کے سٹاف افسر حامد علی خان کے براہ راست احکامات پر عبدالقادر گیلانی کو مذکورہ گاڑی مع پٹرول اور ڈرائیور فراہم کی گئی۔ عبدالقادر گیلانی موجوہ وفاقی وزیر ایچ آر ڈی صدر الدین شاہ راشدی کے داماد بتائے جاتے ہیں۔ ای او بی آئی کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ گاڑی لاہور میں جنرل ڈیوٹی کےلئے مختص ہے، جبکہ یہ گاڑی اس سے قبل پی پی پی لاہور کے رہنما نوید چوہدری کے استعمال میں بھی رہ چکی ہے۔

واضح رہے کہ ادارے میں سرکاری گاڑیوں کی بہتات کی وجہ سے ادارے کے معمولی ملازمین اور غیر مجاز افسر بھی گاڑیاں استعمال کرہے ہیں۔ ان گاڑیوں کی مد میں ماہانہ ہزاروں روپے ایندھن و مرمت کے نام پر الگ وصول کئے جاتے ہیں۔ ان میں ٹرانسپورٹ افسر غلام اصغر شیخ، ڈسپیج رائٹر ابرکاشمیری اور الیکٹریشن طارق بھی شامل ہیں۔