امریکہ اور بھارت ملکر پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے نشانہ بنارہے ہیں،آغا سید محمد ایوب شاہ ،

پوری قوم متحد ہوکر جذبہ ایمانی کے ساتھ ان کے مذموم عزائم اور سازشوں کو ناکام بنادیگی، سینئر رہنما جے یو آئی

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 20:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر 2014ء) جے یو آئی کے مرکزی جنرل کونسل کے رکن صوبائی شوریٰ کے ممبر سینئر رہنما آغا سید محمد ایوب شاہ نے امریکی ڈرون حملے اور بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت ملکر پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے نشانہ بنارہے ہیں لیکن پوری قوم متحد ہوکر جذبہ ایمانی کے ساتھ ان کے مذموم عزائم اور سازشوں کو ناکام بنادیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد سکھر میں تحریک تحفظ ختم نبوت سکھر کے رہنما اور جامع مسجد کے خطیب قاری خلیل احمد اور قاری جمیل احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی معاون سیکریٹری اطلاعات مولانا عبدالحق مہر، سابق ضلعی سالار ابو جنید چوہان، نیو تعلقہ سکھر کے نائب امیر آغا سید ہارون شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آغا سید ایوب شاہ نے مزید کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن قوتیں ملک کو توڑنے کی سازشوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ پاک فوج جب شمالی وزیرستان آپریشن میں مصروف تھی اس موقع پر امریکہ اور انڈیا کے حملے ان کے پاکستان دشمن مذموم عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ امریکہ پاکستان کا دوست اور خیر خواہ نہیں ہے اور وہ دہشتگردی کی آڑ میں پاکستان کو ختم کرنا چاہتا ہے۔

جے یو آئی رہنما نے ملالہ کو عالمی امن ایوارڈ دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سامراجی طاقتوں نے شعائر اسلام کا مذاق اڑانے پر ملالہ پر نوازشات کی بارش کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ پر نوازشات کرنے والے عافیہ صدیقی کے ساتھ کیوں ظالمانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے ہمیشہ اسلام کے باغیوں اور مسلمانوں کے دشمنوں کی سرپرست کی ہے وہ ملالہ کو بھی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :